منہاج القرآن بریشیاء (اٹلی) کے زیر اہتمام مورخہ 02 اپریل 2011ء کواسلامک سنٹر گاوردو میں عظیم الشان محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئی جس کی صدارت ڈائریکٹر منہاج القرآن اسلامک سنٹر بریشیاء علامہ سید غلام مصطفی مشہدی نے کی۔
محفل کا باقاعدہ آغاز قاری گلزار احمد نے تلاوت کلام پاک سے کیا، محمد عدیل، وقار حسین، قاری گلزار احمد، محمد ارشد، یونس بٹ اور اویس برادران نے انتہائی خوبصورت انداز میں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نعتوں کے نذرانے پیش کئے۔ ڈائریکٹر منہاج القرآن اسلامک سنٹر بریشیاء علامہ سید غلام مصطفی مشہدی نے شرکاء محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جشن میلاد حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کی تاریخی خوشی میں مسرت وشادمانی کا اظہار ہے اور یہ ایسا مبارک عمل ہے جس سے ابولہب جیسے کافر کو بھی فائدہ پہنچتا ہے، اگر ابولہب جیسے کافر کو میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشی میں ہر پیر کو عذاب میں تخفیف ہو سکتی ہے تو اس مومن مسلمان کی سعادت کا کیا ٹھکانا ہو گا جس کی زندگی میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشیاں منانے میں بسر ہوتی ہے۔
محفل میں مرد و خواتین کے علاوہ نوجوانوں اور بچوں نے بھی شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام پر علامہ سید غلام مصطفی مشہدی نے خصوصی دعا کرائی۔ بعد ازاں شرکائے محفل کو لنگر پیش کیا گیا۔
رپورٹ؛ محمد اعجاز، عبدالقادر
تبصرہ