منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے مرکز پر منہاج القرآن یوتھ لیگ فرانس کے زیراہتمام 8، 9 اور 10 اپریل 2011ء کو دوسرا سالانہ نفلی اعتکاف منعقد کیا گیا۔ اس سالانہ اعتکاف کا انعقاد میلاد ِ مصطفٰی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے کیا جاتا ہے جسے "میلاد اعتکاف" کے نام سے جانا جاتا ہے۔
اعتکاف کے اس تربیتی سیشن میں فرض عبادات کے ساتھ ساتھ محافلِ ذکر و نعت اور حلقہء گوشہء درود میں درودِ پاک کا ورد کیا گیا۔ اس کےعلاوہ عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے پُر مغز اور جامع خطابات بذریعہ پروجیکٹر دکھانے کا اہتمام بھی کیا گیا، جو نوجوانوں میں جذبہ عشق مصطفٰی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو پروان چڑھانے اور ایمان کی تقویت کا باعث بنتے ہیں۔
اعتکاف میں منہاج القرآن یوتھ لیگ فرانس کے 70 نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی، جن میں کم عمر بچے بھی شامل تھے۔ علامہ حسن میر قادری بھی اعتکاف میں خصوصی طور پر شریک تھے۔
علامہ حسن میر قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن نوجوان نسل کی دینی تربیت کا فریضہ احسن طور پر سرانجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیار غیر میں بسنے والی نوجوان نسل کی تربیت کے ساتھ ساتھ آقا دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ ادب اور محبت و عشق کا تعلق پختہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ آج نوجوانوں کے دلوں میں عشقِ مصطفٰی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شمعیں جلا کر ہی امت کا ٹوٹا ہوا تعلق بحال کیا جا سکتا ہے۔
رپورٹ : عدنان شفقت
تبصرہ