منہاج القرآن انٹرنیشنل (پوسان سٹی) کوریا کے زیراہتمام محفل میلاد

منہاج القرآن انٹرنیشنل (پوسان سٹی) کوریا کے زیراہتمام مورخہ 20 مارچ 2011ء بروز ہفتہ کو عظیم الشان محفل میلاد منعقد ہوئی جس کی صدارت منہاج ایشیئن کونسل کے امیر محمد جمیل چودھری نے کی۔ محفل کے مہمان خصوصی پاکستان سے تشریف لائے سکالر علامہ غلام ربانی تیمور تھے۔ محفل میں پوسان سٹی کے گرد و نواح سے پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ شفیق بھٹی قادری اور ان کے ساتھیوں نے مہمانوں کا شاندار استقبال کیا۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز حافظ محمد عابد قادری نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ مردان علی قادری، سید عمران حسن شاہ، محمد بابر قادری اور شفیق بھٹی قادری نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ پروگرام کی نقابت پاکستان سے خصوصی طور پر تشریف لائے مہمان حافظ محمد نعمان صدیقی نے کی۔ امیر منہاج یورپین کونسل محمد جمیل چودھری نے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے میلاد کی خوشیاں منانے اور ان میں بھر پور انداز میں شریک ہونے کی ترغیب دی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے شاگرد رشید علامہ غلام ربانی تیمور نے تذکیہ نفس اور اس سے بچاؤ کے موضوع پر مدلل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسان کے تین دشمن ہیں جن میں نفس، شیطان اور دنیا شامل ہیں، جب انسان ان میں سے کسی ایک کے پیچھے بھاگتا ہے تو وہ اس کو گمراہی کے اندھیروں میں دھکیل دیتے ہیں مگر جب انسان ان تینوں سے اجتناب کرتا ہے تو پھر اسے دل کی پاکیزگی اور اللہ رب العزت کا خصوصی انعام نصیب ہوتا ہے۔ آج منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے اسی پیغام کو عام کر رہی ہے کہ آؤ ! اپنے دشمنوں کو پہچانو اور ان سے بیزاری کا اظہار کرتے ہوئے گنبد خضراء کے مکین کے ساتھ اپنے دامن کو وابستہ کر لو یہی سیدھا راستہ ہے اور اسی راستہ نے منزل کی طرف لے کر جانا ہے۔

پروگرام کے اختتام پر اجتماعی طور پر درود وسلام پڑھا گیا اور مہمانوں کی لنگر سے تواضع کی گئی۔

رپورٹ: محمد فاروق

تبصرہ