منہاج القرآن انٹرنیشنل کوریا کے زیر اہتمام آمنہ مسجد (انچھن سٹی) میں محفل میلاد

منہاج القرآن انٹرنیشنل کوریا کے زیراہتمام مورخہ 17 مارچ 2011ء بروز جمعرات کو آمنہ مسجد (انچھن سٹی) میں عظیم الشان محفل میلاد منعقد ہوئی۔ محفل کی صدارت ایشیئن کونسل کے امیر محمد جمیل چودھری نے کی جبکہ پاکستان سے تشریف لائے سکالر علامہ غلام ربانی تیمور مہمان خصوصی تھے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز حافظ محمد بشیر نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ غضنر علی، محمد نوید، صائم علی اور مردان علی قادری نے آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ پروگرام کی نقابت پاکستان سے آئے مہمان حافظ محمد نعمان صدیقی نے کی۔ منہاج ایشیئن کونسل کے امیر محمد جمیل چودھری نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے شرکائے محفل کا شکریہ ادا کیا اور منہاج القرآن کے عظیم کارواں کا تعارف کراتے ہوئے اس میں شامل ہونے کی دعوت دی۔

پاکستان سے کوریا کے تنظیمی دورہ پر تشریف لائے عظیم سکالر علامہ غلام ربانی تیمور نے اپنے خصوصی خطاب میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شرعی حیثیت قرآن وسنت کی روشنی میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب اللہ رب العزت نے قرآن حکیم میں واضح حکم دیا ہے کہ جب تمھارے پاس میری طرف سے کوئی خوشی آپہنچے تو اس کا خوب ذکر کرو اور خوشی مناؤ، یہ حکم کسی خاص وقت، موقع یا شخص کے بارے میں نہیں بلکہ مطلق ہے اب جب بھی امت مسلمہ کو کوئی خوشی نصیب ہو، نعمت ملے تو اس کا ذکر کرنا چاہیئے اور آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت مبارکہ سے بڑھ کر مسلمانوں کے لئے اور کیا خوشی ہو سکتی ہے۔ منہاج القرآن اپنے عظیم قائد اور عالمی امن کے سفیر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں امت مسلمہ کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے اور ان کے دلوں میں اغیار کی محبت کی بجائے آقائے دوجہاں محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کو اجاگر کرنے میں مصروف عمل ہے۔

پروگرام کے اختتام پر اجتماعی طور پر آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا، علامہ غلام ربانی تیمور نے انتہائی پر سوز اور رقت آمیز دعا کرائی۔ آخر میں تمام شرکائے محفل کو لنگر پیش کیا گیا۔

رپورٹ: غضنفر علی

تبصرہ