شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نیوزی لینڈ کے معروف اسکالر ڈاکٹر Joel Hayward کو اپنا سٹرٹیجک پالیسی ایڈوائزر مقرر کر دیا ہے۔ ان کی باقاعدہ تقرری 8 مارچ 2011ء کو ہوئی، جس کا فیصلہ منہاج القرآن انٹرنیشنل لندن میں ہونے والی نشست میں کیا گیا، اس نشست میں Joel Hayward کی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کیساتھ خصوصی ملاقات ہوئی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے امور خارجہ کوآرڈینیٹر داؤد حسین مشہدی، منہاج القرآن انٹرنیشنل یوکے کے ترجمان شاہد مرسلین اور منہاج پیس اینڈ اینٹی گریشن کونسل کے سیکرٹری جنرل اشتیاق احمد بھی شامل تھے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کیساتھ 4 گھنٹے پر مشتمل اس ملاقات میں مختلف امور زیر بحث آئے، جن میں برطانیہ میں مسلمانوں کا کردار، برطانوی معاشرے میں انسانی حقوق، شدت پسندی کے خلاف جدوجہد اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور شامل تھے۔
ملاقات میں ڈاکٹر Joel Hayward نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے سٹرٹیجک وار کے حوالے سے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ قرآن و سنت میں کسی بھی طرح کی دہشت گردی کے تصور کی حمایت نہیں کی گئی۔ ڈاکٹر Joel Hayward شیخ الاسلام کے باقاعدہ سٹرٹیجک مشیر ہی مقرر نہیں ہوئے بلکہ وہ پہلے ہی شیخ الاسلام کے ساتھ غیر رسمی طور پر فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔
ڈاکٹر Joel Hayward کا شمار سٹرٹیجک وار (بشمول جنگ کا قرآنی تصور) کے حوالے سے ایک معتبر ترین اسکالرز میں ہوتا ہے۔ آپ برطانیہ میں رائل ایئر فورس کے کالج کے ڈین ہیں۔ اس کے علاوہ رائل ائیر فورس سنٹر فار پاور سٹڈیز کے کوآرڈینٹر، کنگز کالج لندن میں ایئر پاور سٹڈیز ڈویژن کے ہیڈ اور انڈونیشین ڈیفنس یونیورسٹی میں پروفیسر آف سٹریٹجی کی خدمات بھی سرانجام دے رہے ہیں۔
ڈاکٹر جوئل ہائیورڈ 8 کتابوں کے مصنف اور مولف بھی ہیں۔ آپ اپنے پیشہ ورانہ موضوع پر درجنوں آرٹیکل بھی تحریر کر چکے ہیں۔ ان میں کچھ آرٹیکل کا جرمن، روسی، پرتگالی، ہسپانوی اور سربین زبان میں بھی ترجمہ ہو چکا ہے۔ ڈاکٹر Joel Hayward ایشیاء اور مشرق وسطیٰ کے علاوہ پورے یورپ میں سیاسی، دفاعی اور معاشرتی و تہذیبی امور سمیت مختلف پیشہ وارانہ موضوعات پر لیکچر بھی دیتے ہیں۔
دل چسپ بات یہ بھی ہے کہ ڈاکٹر Joel Hayward اسلام کے حوالے سے معتبر معلومات اور رائے رکھنے والے اسکالر ہیں۔ آپ دنیا بھر میں اسلام ، جنگ، انصاف اور شدت پسندی کیخلاف منعقد ورکشاپ میں بھی لیکچرز دینے کے ساتھ ساتھ شدت پسندی کیخلاف منعقدہ ورکشاپس میں بھی شرکت کر چکے ہیں۔
لٹریچر اور تاریخ کے فن میں ڈاکٹر Joel Hayward الگ مقام رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ کو شاعری سے بھی گہرا لگاؤ ہے۔ آپ کا دوسرا شعری مجموعہ تکمیلی مراحل میں ہے جبکہ دنیا بھر کے مختلف میگزینز میں آپ کے کالم باقاعدگی سے شائع ہو رہے ہیں۔
گزشتہ سال 2010ء میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا دہشت گردی کیخلاف فتویٰ شائع ہوا، اس تاریخی دستاویز کے انگریزی ترجمے میں کتاب کا تعارف ڈاکٹر Joel Hayward نے لکھا تھا۔
شیخ الاسلام کے ساتھ بطور سفیر تقرری پر ڈاکٹر Joel Hayward بہت خوش ہیں۔ اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے کہ انہیں عالم اسلام کی نابغہ روزگار شخصیت کے ساتھ علمی معاونت کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹریٹجک پالیسی کے حوالے سے وہ شیخ الاسلام اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کا موقف بہترین انداز میں پیش کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
تبصرہ