منہاج القرآن انٹرنیشنل (الف سینا) یونان کے زیراہتمام مورخہ 06 مارچ 2011ء کو محفل نعت منعقد ہوئی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا، مقامی نعت خوانوں کے علاوہ محمد افضال ماراتھونا نے نعت شریف پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔ نقابت کے فرائض زیب الحسن قادری اور حافظ محمد نواز (کامونکی) نے ادا کئے۔
یونان کے امیر تحریک علامہ شہباز احمد صدیقی نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت پاک پر روشنی ڈالی، انہوں نے قرآن وحدیث کی روشنی میں کہا کہ بے شک اللہ تعالیٰ نے تمام انبیاء کو شان والا پیدا فرمایا لیکن نبی آخر الزماں کو تمام شانوں سے بلند شان والا بنایا۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے جب اللہ رب العزت کی میٹھی آواز سنی تو انہوں نے اللہ کی زیارت کی خواہش کا اظہار کیا لیکن ہمارے نبی مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایسی شان والے ہیں جن کو خود اللہ رب العزت نے اپنی زیارت کے لئے عرش معلی پر بلایا۔ علامہ شہباز احمد صدیقی نے مشن کا فکری پیغام دیتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے مشن کا مقصد امت مسلمہ کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے۔ اور آپ سرکار کے ساتھ تعلق جو اس مادی دور میں کمزور ہو چکا ہے اس کو مضبوط کرنا ہے۔
محفل کے اختتام پر قرعہ اندازی کے ذریعے دو خوش نصیبوں کو عمرہ ٹکٹ اور 15 عرفان القرآن تقسیم کئے گئے، محفل میں الف سینا اور گردو نواح سے آئے کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ محفل کی صدارت ملک جاوید اقبال اعوان (صدر منہاج القرآن یونان) نے کی جبکہ مہمان خصوصی عبدالجبار سلہری (ناظم منہاج القرآن یونان) تھے۔ محفل میں طارق شریف، محمد آصف چک بساوا، ناصر محمود چودھری اور حافظ شاہد کے علاوہ تحریکی عہدیداران، اراکین اور وابستگان نے بھی شرکت کی۔ پروگرام کا اختتام دعائے خیر سے ہوا اور شرکائے محفل میں لنگر تقسیم کیا گیا۔
رپورٹ: نوید سحر
تبصرہ