منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیراہتمام اس سال بھی ربیع الاوال میں محافل میلاد کا سلسلہ جاری رہا اور منہاج القرآن ویلبی کے زیراہتمام مورخہ 27 فروری 2011 ء بروز اتوار کو عظیم الشان محفل نعت بسلسلہ جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئی۔ محفل میں مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
محفل نعت میں مقامی علماء کرام جن میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے صدر علامہ سید محمود شاہ، امیر علامہ عبد الستار سراج، سکالر منہاج یونیورسٹی لاہور علامہ سید نعیم شاہ، امام منہاج القرآن آما سنٹر علامہ نفیس احمد، امام ایسہائے مسجد علامہ اویس احمد، امام مسجد کریٹا وائے علامہ تنویر ضیاء اور قاری امجد نے بھی محفل نعت میں خصوصی شرکت کی۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ اور منہاج القرآن ویمن لیگ نے مسجد کے ہال کو بڑی خوبصورتی سے سجایا۔
محفل کا باقاعدہ آغاز قاری سجاد احمد نے تلاوت کلام پاک سے کیا، خصوصی طور پر حال ہی میں پاکستان سے آئے ہوئے قاری ندیم اختر نے قرآن مجید کی تلاوت سے حاضرین کے قلوب و اذہان کو منور فرمایا۔ محفل میں نقابت کے فرائض فیض رسول نے ادا کئے۔ محفل نعت کا آغاز منہاج القرآن ویلبی سنٹر کے بچوں نے کیا اس کے بعد مقامی نعت خواں حافظ عتیق، محمد اکرام، معظم بٹ، حسین شاہ، محمد جمیل، فیصل مجیب اور اعجاز قادری نے تاجدار کائنات کے حضور گلہائے عقیدت پیش کئے۔ محفل نعت میں برطانیہ سے تشریف لائے مہمان نعت خواں میلاد رضا قادری نے اپنے مخصوص انداز میں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں مدح سرائی کی۔
محفل کے مہمان خصوصی برطانیہ سے تشریف لائے سکالر علامہ سہیل احمد صدیقی نے محفل نعت کے انعقاد اور سیرت پاک کے حوالہ سے انتہائی مدلل گفتگو کی جس سے تمام حاضرین پر عشق ومستی کی ایک عجیب کیفیت طاری ہوگئی۔ خطاب کے بعد اجتماعی محفل ذکر اور تاجدار کائنات کی بارگاہ میں نذرانہ سلام پیش کیا گیا۔ محفل کے اختتام پر حاضرین کے لئے ضیافت میلاد کا اہتمام کیا گیا تھا۔ محفل میں منہاج القرآن ویلبی کی انتظامیہ سمیت مرکزی انتظامیہ کے تمام اراکین اور جملہ فورمز نے بھرپور نمائندگی کی۔ انتظامیہ کے احباب میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے جنرل سیکرٹری بلال اپل، علی عمران، صدر منہاج القرآن ویلبی حافظ سجاد احمد، عامر فاروق اور نفیس فاطمہ نے خصوصی محنت سے محفل کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
رپورٹ: فیض رسول
تبصرہ