منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے زیراہتمام مورخہ 26 فروری 2011ء بروز ہفتہ کو منہاج کلچر سنٹر ویانا میں گیارہویں سالانہ مرکزی میلاد کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی منہاج یورپین کونسل کے امیر علامہ حسن میر قادری تھے جبکہ محفل کی صدارت منہاج القرآن آسٹریا کے صدر خواجہ محمد نسیم نے کی۔
کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ پی ٹی وی کے معروف نعت خواں صفدر فردوس، اکاش یوسف، رمیض نقوی، حاجی اکبر علی اور ثیاب احمد نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نعت کی صورت میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ کانفرنس کی نقابت کے فرائض منہاج القرآن آسٹریا کے ناظم محمد نعیم رضا نے سرانجام دیئے اور شرکائے کانفرنس کو خوش آمدید کہا۔ کانفرنس میں علامہ حسن میر قادری، خواجہ محمد نسیم، نور اسلامک سنٹر کے خطیب علامہ عبدالحفیظ الازہری، حافظ گلزار احمد، حافظ محمد اشفاق احمد اعوان، پروفیسر اطہر عباس سیالوی (خطیب ابرہیم مسجد) اور مسلم کمیونٹی آسٹریا کے نمائندہ پارلیمنٹ محمد عمر الراوی سٹیج پر جلوہ افروز تھے۔
کانفرنس میں ننھی بچی عاصمہ اعوان نے جرمن زبان میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ نور اسلامک سنٹر کے خطیب علامہ عبدالحفیظ الازہری نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ منہاج القرآن آسٹریا کے قیام اور نئے سنٹر کی خریداری اور تعمیر پر منہاج القرآن کے عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے یورپ میں دین اسلام کے فروغ کے لئے اپنی کاوشوں اور صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے اتنے وسیع انتظامات کے ساتھ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا ہے۔
مسلم کمیونٹی آسٹریا کے نمائندہ پارلیمنٹ محمد عمر الراوی نے جرمن زبان میں خطاب کرتے ہوئے کہا سب سے پہلے تو میں تمام مسلمانوں کو سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کے بابرکت مہینہ کی آمد پر مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ منہاج القرآن کی انتظامیہ کا شکر گذار ہوں کہ وہ مجھے ہر سال میلاد کی بابرکت محفل میں مدعو کرتے ہیں اور عظیم بارگاہ میں حاضری لگوانے کا شرف بخشتے ہیں۔
منہاج یورپین کونسل کے امیر علامہ حسن میر قادری نے منہاج القرآن آسٹریا کے عہدیداران اور جملہ وابستگان کو نئے اسلامک سنٹر کی خریداری اور تعمیر پر مبارکباد پیش کی اور اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہم کتنے خوش نصیب ہیں کہ اپنے پیارے محبوب آقاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کی خوشی میں میلاد منا رہے ہیں اور آپ لوگ کتنے ذوق وشوق سے تشریف لائے ہیں اللہ رب العزت ہم سب کی حاضری کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔ جب تک ہم سب اپنے دلوں میں عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیدا نہیں کرینگے ہمارے حالات ٹھیک نہیں ہوسکتے۔ مسلمانوں کو وائٹ ہاؤس سے امداد تو ملتی ہے مگر روحانی سکون نہیں ملتا۔ گنبد خضراء سے ملنے والی امداد میں روحانی سکون بھی ہوتا ہے اور امداد بھی ہوتی ہے۔ منہاج القرآن کا پیغام یہ ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کرتے چلے جاؤ کسی سے ٹکرانے کی ضرورت نہیں، جب نور مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دلوں میں آجائے تو دہشت گردی، قتل وغارت گری، لوڈشیڈنگ ، مہنگائی خود بخود ختم ہوجائے گی اور ملک میں خوشحالی کی لہر آئے گی۔ ہم پوری دنیا میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں امت مسلمہ میں محبت، پیار، امن اور خدمت کو فروغ دے رہے ہیں۔
تمام شرکاء نے مل کر آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درود و سلام پیش کیا۔ منہاج القرآن آسٹریا کی جانب سے حاضرین کے لئے رکھے گئے عمرہ کے ٹکٹ کی قرعہ اندازی محمد عمر الراوی نے کی جس کے مطابق حاجی فاروق اکبر کا سعودی عرب کا ریٹرن ہوائی ٹکٹ نکلا۔ منہاج القرآن آسٹریا کے صدر خواجہ محمد نسیم کی فیملی کی جانب سے سینئر نائب صدر ملک محمد امین اعوان، آسٹریا کے امیر حفیظ اللہ قادری اور ناظم محمد نعیم رضا کی مشن کے لئے خدمات کے اعتراف میں عمرہ کا ٹکٹ پیش کیا گیا اور ان تینوں احباب کی دستار بندی کی گئی۔ منہاج القرآن آسٹریا کے جوائنٹ سیکرٹری فنانس ملک اعجاز رشید، سیکرٹری ویلفیئر شیخ محبوب عالم، اشفاق چودھری، اعوان ٹرانسپورٹ کے محمد اقبال کو منہاج سنٹر کی خدمات کے اعتراف میں گفٹ پیش کئے گئے۔ سیکرٹری معاملات حاجی محمد نسیم کی بھی دستار بندی کی گئی، میڈیا کے بابا محمد بشیر ناصر کو بھی گفٹ پیش کیا گیا۔ منہاج میڈیا یورپ کے کوآرڈینیٹر محمد اکرم باجوہ کو میڈیا کوریج میں شاندار کردار اد اکرنے پر مبارکباد اور گفٹ کے علاوہ سند حسن کارکردگی پیش کی گئی۔ پاک ایشیاء کلچر کے چیئرمین قاسم علی کو منہاج سنٹر میں قالین بچھانے پر خصوصی گفٹ دیا گیا۔
نور اسلامک سنٹر کے خطیب علامہ حافظ عبدالحفیظ الازہری نے اجتماعی دعا کراتے ہوئے محمد جاوید کے ماموں، حاجی مشتاق کی اہلیہ، اورنگزیب کی والدہ اور محمد اکرم باجوہ کے سسر کی وفات پر اجتماعی فاتحہ خوانی کرائی اور امت مسلمہ کی ترقی وخوشحالی اور منہاج اسلامک سنٹر کی جلد تعمیر کے لئے خصوصی دعا کرائی۔ محفل کے اختتام پر منہاج القرآن آسٹریا کی جانب سے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا گیا اور میلاد ڈنر پیش کیا۔
رپورٹ:محمد اکرم باجوہ
تبصرہ