منہاج القرآن انٹرنیشنل (دیزیو) اٹلی کے زیراہتمام مورخہ 12 فروری 2011ء بروز ہفتہ بعد نماز مغرب 16 ویں سالانہ محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئی جس میں مرد و خواتین، بچے اور بچیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی منہاج القرآن انٹرنیشنل ہالینڈ کے امیر علامہ حافظ نذیر احمد قادری تھے۔
پروگرام کا آغاز چن نصیب نے تلاوت کلام پاک سے کیا، صوفی محمد افضل، ملک محمد اصغر، امتیاز احمد اور بچیوں نے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نعتوں کا نذرانہ پیش کیا جبکہ محمد اعظم چشتی کے شاگرد رشید قاری فیض احمد نے خصوصی نعت پڑھی۔ پروگرام کی نقابت علامہ وقاص یونس نے کی۔ پروگرام میں اسلامک سنٹر کے بچے اور بچیوں نے ولادت باسعادت کے موضوع پر گفتگو کی۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل ہالینڈ کے امیر علامہ حافظ نذیر احمد نے محفل میلاد کے شرکاء سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے آباؤ اجداد کا مکمل تعارف کراتے ہوئے قرآن و حدیث کی روشنی میں بڑی مدلل گفتگو فرمائی۔ خطاب کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس پر سلام پیش کیا گیا۔ پروگرام میں منہاج مصالحتی کونسل یورپ کے صدر سید ارشد شاہ نے بھی شرکت کی۔ درود و سلام کے بعد حاجی محمد اشرف نے تمام انتظامیہ کی طرف سے احباب کا شکریہ ادا کیا۔ منہاج القرآن اٹلی میلان کی ذیلی تنظیمات میں سے میلان تنظیم، بیر گاموں اور گلراتے کی تنظیمات نے خصوصی شرکت کی۔ علامہ حافظ نذیر احمد نے خصوصی دعا کرائی اور شرکاء کو لنگر پیش کیا گیا۔
رپورٹ : محمد یعقوب، سرمد جاوید
تبصرہ