منہاج القرآن انٹرنیشنل فن لینڈ کے زیراہتمام مورخہ 12 فروری 2011ء بروز ہفتہ لوتا ساری کے علاقہ میں دوسری سالانہ عظیم الشان محفل میلاد منعقد ہوئی جس میں علاقہ سے کثیر تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز حافظ سعادت نے تلاوت کلام مجید سے کیا جبکہ سید احمد رضا، جنید حسین اور اعجاز گوندل نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔
منہاج القرآن یوکے سے تشریف لائے ہوئے اسکالر علامہ محمد صادق قریشی الازہری نے محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایمان نسبت رسول کا نام ہے یہ نسبت جتنی مضبوط ہو گی ایمان اتنا ہی مضبوط ہوگا۔ صحابہ کرام کا رسول پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق عشق کی بنیاد پر استوار ہوا تھا یہی وجہ ہے وہ اپنے نبی کی حد درجہ تعظیم و توقیر کرتے تھے۔ اسلام نے انسانیت کو محبت، امن اور علم کا پیغام دیا ہے۔ آج ہمیں محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو دامن میں تھامتے ہوئے دنیا کو امن کا پیغام دینا ہے، ہمارا دین ہمیں امن کا درس دیتا ہے لہذا وہ لوگ جو انسانیت کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں ان کا دین اسلام سے کوئی واسطہ نہیں۔ علامہ صادق قریشی نے کہا کہ وہی امن پائیدار ہے جس کی بنیاد محبت پر ہو، اور امن کا استحکام علم کے ذریعے ممکن ہے، انہوں نے کہا کہ بانی اسلام نے آج سے 1400 سال قبل علم کے حصول کے لئے چائنہ تک سفر کرنے کا حکم دیا لہذا علم ہماری میراث ہے ہمیں اس کے حصول کے لئے آگے بڑھنا چاہیئے۔
محفل سے منہاج القرآن فن لینڈ کے صدر اعجاز اختر قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن ہر شعبہ میں فن لینڈ کی کمیونٹی کے لئے راہنمائی کا فریضہ سرانجام دے رہا ہے۔ انہوں نے پروگرام میں تشریف لانے پر جملہ احباب کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کے اختتام خصوصی دعا سے ہوا اور شرکائے محفل کو میلاد شریف کا کھانا پیش کیا گیا۔ پروگرام کوکامیاب بنانے میں عبدالباسط، قاری مظفر نعیمی، سید احمد رضا، آصف رضا اور سید عدنان شامل ہیں۔
رپورٹ : عبدالباسط سید
تبصرہ