منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیراہتمام مورخہ 3 فروری بروز جمعرات بعد نماز مغرب منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں ماہ ربیع الاول کی آمد کے سلسلہ میں خصوصی محفل کا انعقاد کیا گیا۔
آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت با سعادت کے بابرکت مہینہ کے استقبال کے سلسلہ میں منعقد ہونے والی محفل کا باقاعدہ آغاز حافظ محمد عابد نقشبندی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ تلاوت قرآن پاک کے بعد عاشقان رسول نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ حافظ محمد عاطف احتشام، محمد آصف قادری، عبدالواحد چشتی اور منہاج اسلامک سنٹر کے طلبہ نے ثناء خوانی کی سعادت حاصل کی۔
محفل کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد عابد نقشبندی نے ربیع الاول کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس مبارک مہینہ کے دوران ہمیں بے حد خوشی منانی چاہیئے کیونکہ یہ سنت الٰہیہ ہے اور تاجدار کائنات حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خود اس کی خوشی منانے کا حکم دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس بابرکت مہینہ میں ہمیں انفرادی اور اجتماعی طور پر اللہ کے حبیب کی ولادت باسعاد ت کی خوشی میں اپنے سمیت اپنے اہل خانہ، رشتہ داروں اہل محلہ اور دیگر احباب کو شامل کرتے ہوئے محافل کا انعقاد کرنا چاہیئے۔
پروگرام کے اختتام پر شرکائے محفل میں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کے مہینہ کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔
رپورٹ: محمد عتیق قادری
تبصرہ