منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے زیر اہتمام استقبال ربیع الاول کے سلسلہ میں محفل نعت کا انعقاد

منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے زیر اہتمام گذشتہ سالوں کی طرح مورخہ 5 فروری بروز ہفتہ جامع مسجد کولون کے کمیونٹی ہال میں استقبال ربیع الاول کے حوالہ سے عظیم الشان محفل نعت منعقد ہوئی۔ محفل میں نیاز محمد خان سرپرست منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ، صدر پاکستان ایسوسی ایشن کیپٹن شہزادہ سلیم احمد، چیف امام جامع مسجد کولون مفتی محمد ارشد اور حاجی محمد نجیب نے خصوصی شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز حافظ عدنان سیالوی نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ محفل میں ہانگ کانگ سے تقریباً 20 نعت خوانوں نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ ہانگ کانگ کے صدر محمد باچہ نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے دور ونزدیک سے تشریف لانے والے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

کیپٹن شہزادہ سلیم احمد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں دیکھ رہا ہوں کہ آج بہت سے لوگوں کی آنکھوں میں آنسو رواں ہیں جو درحقیت محبت وعشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بدولت ہیں۔ منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں فروغ عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لئے عظیم کارنامہ سرانجام دے رہی ہے۔ مفتی محمد ارشد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فروغ عشق رسالت مآب میں منہاج القرآن اپنی مثال آپ ہے اور اس تحریک کا کوئی ثانی نہیں۔

حافظ محمد نسیم نقشبندی نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری امت مسلمہ کے دلوں میں محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چراغ روشن کر رہے ہیں اور اتحاد امت کی عملی جدوجہد بھی کر رہے ہیں۔ گذشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی قرعہ اندازی کے ذریعے ایک خوش نصیب کو عمرہ کا ٹکٹ دیا گیا۔ حاضرین میں سے ہر شخص مسرور تھا۔ تمام شرکائے محفل نے اس شاندار محفل کے انعقاد اور نظم ونسق پر منہاج القرآن کی انتظامیہ کی خدمات کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا۔

آخرمیں انتہائی خوبصورت انداز میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں صلوۃ وسلام پیش کیا گیا۔ محفل کے اختتام پر امت مسلمہ اور بالخصوص ارض پاک پاکستان کی سلامتی کے لئے دعا کی گئی۔ شرکاء کے لئے ضیافت میلاد کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس کے لئے حاجی محمد نجیب نے خصوصی تعاون کیا۔

رپورٹ: محمد نسیم نقشبندی

تبصرہ