منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے نائب صدر سید عثمان بخاری کا دورہ مرکزی سیکرٹریٹ

منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے نو منتخب نائب صدر سید عثمان بخاری نے مورخہ 18 جنوری2011ء کو مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ اپنے دورہ کے دوران سید عثمان بخاری نے مرکزی سیکرٹریٹ کے جملہ دفاتر کا وزٹ کیا اور بالخصوص منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے عظیم پراجیکٹ ’’آغوش‘‘ کا وزٹ بھی کیا۔ سید عثمان بخاری نے مرکزی سیکرٹریٹ میں خدمات دینے والے جملہ قائدین اور سٹاف ممبران کی کاوشوں اور کوششوں کی تعریف کی۔

سید عثمان بخاری دسمبر 2010ء میں صدر فیڈرل کونسل صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کے دورہ جاپان کے دوران نومنتخب ایگزیکٹو میں نائب صدر نامزد ہوئے اور اہم ذمہ داری ملنے کے بعد مرکزی سیکرٹریٹ کے وزٹ پر آئے۔ ناظم امور خارجہ راجہ جمیل اجمل کے ساتھ تنظیمی وتحریکی امور پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے جاپان کے تنظیمی امور پر روشنی ڈالی اور جاپان کی ایگزیکٹو اور رفقاء و وابستگان کی طرف سے بعض معاملات پیش کئے۔ ناظم امور خارجہ نے سید عثمان بخاری کی طرف سے پیش کی جانے والی جملہ معروضات کو تفصیل سے سنا اور بعد ازاں ان کا شق وار جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم جس عظیم مشن کے کارواں میں شامل ہیں اس کا تقاضا یہ ہے کہ ہم آپس کے فروعی اختلافات کو ختم کرکے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مشن کے فروغ کے لئے اپنی توانائیاں صرف کریں اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے دست و بازو بن کر امت مسلمہ کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لئے عملی اقدامات کریں۔

ناظم امور خارجہ نے نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مرکزی قائدین، جملہ سٹاف ممبران اور نظامت امور خارجہ کی ٹیم کی جانب سے مبارکباد پیش کی۔ سید عثمان بخاری نے مرکز کے جملہ قائدین و سٹاف ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن کے اس سیکرٹریٹ میں آکر احساس ہوتا ہے کہ ہم اپنے گھر میں موجود ہیں کیونکہ اس مرکز سے محبت، پیار، اعتماد اور آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مبارکہ کے ساتھ قلبی وروحانی تعلق کا درس ملتا ہے۔

رپورٹ: محمد وسیم افضل قادری

تبصرہ