منہاج القرآن انٹرنیشنل ریندی یونان سنٹر میں مورخہ 22 جنوری 2011ء کو ہفتہ وار محفل کا انعقاد ہوا۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت و نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔
ڈائریکٹر منہاج القرآن کپسیلی مرکز قاری محمد اکرم نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ادب مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر روشنی ڈالی۔ قاری محمد اکرم نے کہا کہ کوئی شخص کتنی ہی نمازیں پڑھتا ہو، حج کرتا ہو، زکوۃ دیتا ہو، روزہ رکھتا ہو لیکن دل میں محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نہ ہو تو ایسا شخص جنت میں ہرگز داخل نہ ہوگا۔ انہوں نے ایک واقعہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امام شبلی کے پاس ایک میت کو لایا گیا اور لوگوں نے عرض کیا کہ اس کا جنازہ پڑھا دیں آپ نے فرمایا کہ نہیں میں اس کا جنازہ نہیں پڑھاؤں گا یہ گنہگار شخص تھا۔ تھوڑی دیر بعد آپ سونے کے لئے چلے گئے۔ رات کو سوتے میں آپ کو حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دیدار نصیب ہوا۔ امام شبلی کہتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا اے شبلی تو نے اس شخص کے گناہوں کو تو دیکھا مگر یہ نہ دیکھا کہ دربار نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں اس کی کیا قدر و منزلت ہے، یہ میرا عاشق ہے۔ امام شبلی فوراً اٹھے اور اس شخص کا جنازہ پڑھایا۔ لوگوں نے پوچھا کہ یہ کیا معاملہ ہوا کہ پہلے آپ نے انکار کر دیا اب جنازہ پڑھا رہے ہیں تو امام شبلی نے کہا کہ پہلے مجھے علم نہ تھا کہ یہ شخص عاشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔
قاری محمد اکرم نے منہاج القرآن کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں دین اسلام کی سربلندی کے لئے سرگرم عمل ہے اور منہاج القرآن کا یہی پیغام ہے کہ مسلمانوں کے دل میں عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شمع کو روشن کیا جائے۔ محفل کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے صدر ملک جاوید اقبال اعوان نے کی جبکہ تجمل نذیر، طارق شریف قادری، محمد آصف چک بساوا، نوید سحر، فواد یوسف بٹ، ناصر علی قادری، محمد الیاس، لقمان اشرف کے علاوہ منہاج القرآن کے رفقاء و اراکین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
رپورٹ : نوید سحر
تبصرہ