منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن (جرمنی) کے زیر اہتمام مورخہ 10 جنوری 2010ء بروز سوموار کو پاک محمد مسجد برلن کی انتظامیہ اور منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن کی انتظامیہ نے مشترکہ طور پر شہادت امام حسین کانفرنس کا انعقاد کیا۔
کانفرنس کا آغاز خوشنود احمد کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کرنے کی سعادت محمد اعظم، عامر خان، نور محمد اور چودھری محمد اشتیاق نے حاصل کی۔ کانفرنس کی نقابت کے فرائض پاک محمد مسجد کے خطیب و امام علامہ عابد حسین عابد نے سرانجام دیئے۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے میڈیا کوآرڈینیٹر برائے یورپ، پاکستان عوامی تحریک کے چیف کوآرڈینیٹر برائے یورپ، سرپرست منہاج کوآرڈینیشن بیورو کے سرپرست، مشہور و معروف شاعر اور سینئر مدیر و صحافی محمد شکیل چغتائی انجم نے جملہ تنظیمات کی جانب سے پاک محمد مسجد کی انتظامیہ اور منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن کا شکریہ ادا کیا اور جلسہ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ فلسفہ شہادت حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ پر روشنی ڈالتے ہوئے حسینیت اور یزیدیت کا فرق واضح کیا اور خانوادہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی قربانی کو تاقیامت ایک تابندہ مثال گردانتے ہوئے اسے احیائے دین کا سبب اور سچائی کا روشن مینار قرار دیا۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل کی جامع مسجد برلن کے خطیب و امام علامہ قاری حافظ طارق علی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہدائے کربلا کی قربانیوں کا تاریخ کی روشنی میں جائزہ پیش کرتے ہوئے عرب کے حالات اور دین اسلام کی سربلندی کے لئے ان شہادتوں کی اہمیت و ضرورت اور افادیت کو واضح کیا۔ انہوں نے اہل اسلام سے پیغام کربلا کو سمجھنے اور اس کی پیروری کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر جگہ باطل قوتوں کے مقابلے میں ڈٹ جانا ہی اسوہ حسینی ہے۔ انہوں نے یزید کی بیعت کرنے کی بجائے اپنا اور اپنے عزیزوں کا سر کٹا کر حق کا علم بلند کیا مگر ہار نہیں مانی اور آج کی کانفرنس کا یہی پیغام ہے۔
رپورٹ: ایم سی بی یورپ
تبصرہ