منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے وفد کا طرطوسہ شہر کا کامیاب دورہ

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے وفد نے صدر محمد اکرم کی قیادت میں مورخہ 18دسمبر 2010ء کو اہلیان طرطوسہ کی دعوت پر شہر کا دورہ کیا۔ وفد میں حاجی زاہد اختر( نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس )، علامہ عبدالرشید شریفی( امیر)، حاجی نذیر اداسی( ناظم اجتماعات)، نوید احمد اندلسی( ناظم)، حاجی ارشد محمود( صدر مجلس شوریٰ) اور حافظ محمد عاطف ( ممبر یوتھ لیگ ) شامل تھے جبکہ دورہ کی کوریج کے لئے انٹرنیٹ اخبار پاک نیوز کے چیف ایڈیٹرشفقت علی رضا بھی وفد کے ہمراہ تھے۔

شام 5 بجے طرطوسہ پہنچنے پرطرطوسہ مسجد کمیٹی کے چیئر مین غلام دستگیر بٹ، معروف بزنس مین سلیم بھٹی اور ان کے دیگر ساتھیوں نے منہاج القرآن سپین کے قائدین کا پرتپاک استقبال کیا، نماز مغر ب کی ادائیگی کے بعدطرطوسہ مسجد کمیٹی کے چیئر مین غلام دستگیر بٹ نے طرطوسہ مسجد کمیٹی کے قیام سے اب تک کی روداد سنائی اور بتایا کہ ہم عرصہ دراز سے طرطوسہ میں پاکستانی کمیونٹی کے لئے ایک ایسا مرکز(مسجد) بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جو ہماری آئندہ نسلوں کے دینی مستقبل کومحفوظ کرے اوراس مقصد کے حصول اور سپین کے حالات کے پیش نظر ہم اس نتیجہ پر پہنچے ہیں کہ ہمیں کسی نظم کا حصہ ہونا چاہیئے، میں ذاتی طور پر منہاج القرآن سے متاثر ہوں اور یہی چاہتا ہوں کہ ہم منہاج القرآن کا حصہ بن جائیں تاہم اس سلسلہ میں دیگر عہدیداران سے مشاورت جاری ہے۔ منہاج القرآن سپین کے صدر محمد اکرم بیگ اور امیر تحریک علامہ عبدالرشید شریفی نے منہاج القرآن بارسلونا اور بادالوناکے مراکز پر جاری مختلف تدریسی وسماجی سرگرمیوں کے بارے میں بتایا جبکہ نوید احمد اندلسی نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی عالمی اور یورپین سطح پر جاری مختلف سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔

نماز عشاء کی ادائیگی کے بعد مقامی مسجدشہادت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے حوالہ سے محفل منعقد ہوئی جس کا آغاز حافظ محمد عاطف احتشام نے کیا جبکہ مقامی نوجوان محمد اشتیاق نے میاں محمد بخش رحمۃ اللہ علیہ کا عارفانہ کلام پیش کیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے امیرعلامہ عبدالرشید شریفی نے قرآن وحدیث کی روشنی میں شہادت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ پر روشنی ڈالی اور شہادت کی مختلف اقسا م بیان کیں۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا میں دو مختلف سوچوں کے حامل گروہ موجود ہیں جن میں سے ایک کا خیال تو یہ ہے کہ ’’ ٹھیک ہے میدان کربلا میں ظلم و زیادتی ہوئی لیکن اس واقعہ کو ہر سال بیان کرنے کا مقصد کیا ہے؟ ا س کی بجائے شرعی علوم بیان کئے جائیں تو زیادہ اچھا ہے ‘‘ دوسرا گروہ ایسا ہے جو واقعہ کربلا کو تو مانتا ہے لیکن وہ اس واقعہ تک محدود رہنے کی بجائے ابتدائے اسلام کی جلیل القدر ہستیوں تک پہنچتے ہیں اوران پر طعن کرتے ہیں‘‘ علامہ عبدالرشید شریفی نے قرآن وحدیث کے دلائل سے ثابت کیا کہ ان دونوں میں سے کوئی بھی انتہا درست نہیں اور عقیدہ اہل سنت والجماعت ہی عقیدہ حقہ ہو۔ انہوں نے شرکائے محفل کو تحریک منہاج القرآن کے اغراض ومقاصد اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی امت مسلمہ کے لئے علمی خدمات کے بارے میں بتایا اور اہل طرطوسہ کو منہاج القرآن کے عظیم کارواں میں شامل ہونے کی دعوت دی۔

پروگرام کے اختتام پر درود و سلام کے بعد غلام دستگیر بٹ نے منہاج القرآن کے وفد کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا جس میں طرطوسہ مسجد کمیٹی کے دیگر عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف موضوعات پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے خطابات سے حاصل کئے گئے ویڈیو کلپس سنائے گئے۔ مسجد کمیٹی کے عہدیداران نے منہاج القرآن بارسلونا کے قائدین کی طرطوسہ آمد پر شکریہ ادا کیا۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی

تبصرہ