منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے زیراہتمام نیو ایئر نائٹ پر محفل نعت کا انعقاد

سال 2010ء اور 2011 ء کے سنگم پر جہاں لاکھوں نوجوانوں نے نئے سال کا آغاز کئی غیر اخلاقی رسومات سے کیا وہیں منہاج القرآن سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے اس رات کو محفل ذکر ونعت کا اہتمام کرکے منایا۔

منہاج القرآن یوتھ لیگ فرانس کے نوجوانوں نے مورخہ 31 دسمبر 2011ء کو لاکورینو میں عظیم الشان محفل ذکر ونعت کا اہتمام کیا، ہال کو منہاج سسٹرز لیگ نے پنک اینڈ وائٹ اور میرون کلر سے سجایا جس سے ہال کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگیا۔ پروگرام میں خواتین وحضرات کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔

پروگرام کی نقابت کے فرائض اردو میں سلمان اسلم اور فرنچ میں قاضی ہارون نے ادا کئے۔ محفل ذکر ونعت کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی جبکہ علامہ حسن میر قادری (امیر یورپین کونسل) اور محمد بلال اپل (جنرل سیکرٹری یورپین کونسل) اور انگلینڈ سے محمد شاہد مرسلین مہمانان گرامی میں شامل تھے۔

محفل ذکر و نعت کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت خصوصی دعوت پر تشریف لائے عربی قراء نورالدین (امام مسجد درانسی) اور انس گلفشاں (امام مسجد کلیشی صوبوا) نے حاصل کی۔ سکاٹ لینڈ سے آئے مہمان نعت خواں میلاد رضا قادری نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں خصوصی نعت پیش کی، جبکہ محمد نوید نے پنجابی، اسد صدیق اور عامر نعیم نے حضرت امیر خسرو کا کلام پیش کیا۔ یوتھ لیگ کی نمائندگی کرتے ہوئے یوسف ہمایوں نے اسلامی اور عیسوی کیلنڈر کا تقابلی جائزہ پیش کیا۔

تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے امیر یورپین کونسل علامہ حسن میر قادری نے کہا جو حال والوں کے ساتھ لگ جائے وہی حال سب سے اچھا ہے، جس کی بدولت ماضی اور مستقبل سب بدل جاتے ہیں۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ لگ جانے والے کا حال سب سے اچھا ہے اور جو ان کے قدموں سے لپٹ گیا وہ ہمیشہ حالت حال میں رہتا ہے۔ اس دور میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری حالت حال میں ہیں لہذا اس تحریک میں شامل ہوں تاکہ ہمارا حال اور مستقبل اچھا ہو سکے۔

پروگرام کے اختتام پر درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا اور محترم ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی رقت آمیز دعا سے محفل اپنے اختتام پر پہنچی۔

رپورٹ: عدنا ن شفقت

تبصرہ