منہاج ویمن لیگ ڈنمارک کے زیراہتمام مورخہ 10 دسمبر 2010ء کو منہاج القرآن انٹرنیشنل کوپن ہیگن کے نئے مرکز پر شہادت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کانفرنس منعقد ہوئی۔
کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت قاری حافظ عتیق احمد نے حاصل کی، تلاوت کے بعد حاجرہ شاہ نے بارگاہ الٰہی میں حمد پیش کی جبکہ زاہدہ اسلم اور منہاج یوتھ لیگ کی سسٹرز نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ گلہائے عقیدت کی سعادت حاصل کرنے کے بعد ہدا ملک، سمیعہ ساجد، کوکب طفیل، ثمیلہ قریشی، شبانہ احمد، نبیلہ نفیس اور ان کی ساتھیوں نے امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی بارگاہ میں منقبت پیش کی۔
منہاج القرآن ڈنمارک کے امیرعلامہ عبدالستار سراج نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کربلا کے میدان میں امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ، اہل بیت اطہار اور جانثاروں نے راہ عزیمت پر چلتے ہوئے قربانی کی جو داستان رقم کی اس پر انسانیت قیامت تک فخر کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اہل بیت اطہار سے محبت کرنا اور غم حسین میں رونا ایمان کی اساس ہے۔ یزید ظلم و بربریت کا نمائندہ تھا اور حسین حق اور انصاف کے علمبردار تھے۔ منہاج القرآن اور قائد تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اول دن سے اہل بیت اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی محبت کو یکجا کر رہے ہیں، ان کا مقصد توڑنا نہیں جوڑنا ہے اور ان شاء اللہ وہ وقت بہت جلد آئے گا جب امت مسلمہ دوبارہ متحد ہو گی۔
فرحت شاہین نے بھی واقعہ کربلا پر ڈینش زبان میں تقریر کرتے ہوئے فکر حسینی اور یزیدی فکر کا فرق بیان کیا۔ کانفرنس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے کربلا کے موضوع پر منتخب شدہ خطابات پروجیکٹر پر دکھائے گئے۔ کانفرنس ہال میں منہاج بک سٹال پر خواتین نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور بڑی تعداد میں شیخ الاسلام کی کتب و کیسٹ کی خریداری کی۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض منہاج سسٹڑز لیگ کی اہم رکن مسرت ظہور احمد نے انتہائی خوبصورتی سے ادا کئے۔ پروگرام کے اختتام پر منہاج سسٹرز لیگ نے سلام پیش کیا جبکہ ناہید سراج نے اختتام دعا کی۔
رپورٹ : شبانہ احمد
تبصرہ