منہاج القرآن انٹرنیشنل کی فیڈرل کونسل کے صدر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کے دورہ کوریا کے دوران بنگلہ دیشی کمیونٹی کے بھائیوں نے مورخہ 20 نومبر 2010ء کو المدینہ مسجد و منہاج اسلامک سنٹر شیواء آنسن میں صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کے اعزاز میں شاندار پروگرام کا انعقاد کیا۔
صاحبزادہ حسین محی الدین قادری منہاج القرآن انٹرنیشنل ساؤتھ کوریا کے صدر محمد جمیل چودھری اور دیگر عہدیداران کے ہمراہ شیواء پہنچے تو بنگلہ دیشی کمیونٹی کے سرگرم کارکن محمد حسین اور امام آیننگ مسجد حافظ عبدالرحمان اور دیگر افراد نے پرجوش استقبال کیا اور پھول پیش کئے۔ صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کے شاندار استقبال کے بعد پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا جس میں محمد حسین نے تلاوت کلام مجید کے سعادت حاصل کی اور محمد ضیاء نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ آیننگ مسجد کے امام حافظ عبدالرحمان نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے شاندار الفاظ کے ساتھ عظیم قائد کے عظیم فرزند کو خوش آمدید کہا اور پروگرام میں تشریف لانے پر شکریہ ادا کیا۔
صدر فیڈرل کونسل صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے تصوف کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ ہم اللہ رب العزت کے انعام یافتہ اور محبوب بندوں سے اکتساب فیض کس طرح حاصل کر سکتے ہیں؟ اولیاء اللہ ہر دور میں موجود ہوتے ہیں۔ ان کی پہچان کرکے صحبت حاصل کریں۔ ان سے روحانی ترقی کی منازل طے کرنے میں بہت ساری مدد اور راہنمائی حاصل کرنی چاہیئے۔ آخر میں صاحبزادہ صاحب نے منہاج القرآن کا پیغام بڑے احسن انداز سے پہنچایا اور تمام بنگلہ دیشی کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا۔
پروگرام کے اختتام پر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کے مبارک ہاتھوں سے خوش نصیب ورکرز کو گفٹ اور اسناد پیش کی گئیں۔ درود وسلام کے بعد دعا کی گئی اور جملہ شرکاء کو کھانا پیش کیا گیا۔
رپورٹ: وقار احمد قادری، رانا محمد فاروق
تبصرہ