منہاج پیس اینڈ اینٹی گریشن کونسل آف یونان کے زیراہتمام 19 دسمبر 2010ء کو کرسمس تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ منہاج القرآن ریندی مرکز کے پُر وقار ہال میں پروگرام کا آغاز ڈائریکٹر ریندی مرکز علامہ محمد نواز نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔
محمد ارشد جہلمی نے نہایت خوش الحانی سے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔ پروگرام میں منہاج القرآن یونان کے صدر ملک جاوید اعوان، صدر منہاج پیس اینڈ اینٹی گریشن غلام مرتضیٰ قادری، یونان میں نیکیا اور ریندی کے میئریورگویوکومیدس، میئر آغا لیونیکوس، وایا کاکوس، یونان فٹ بال گول کیپر کوچ سوسائٹی کے صدر تاکیس اکونوموپولس، ریندی مرکز کے ڈائریکٹر علامہ محمد نواز کے علاوہ یونان کی سماجی شخصیت غلام نبی بھٹی نے بھی خصوصی شرکت کی۔ تمام معزز مہمان منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن یورپ کے جنرل سیکرٹری سید جمیل شاہ کی دعوت پر اسٹیج پر موجود تھے۔
یونان فٹ بال سوسائٹی کے صدر تاکیس اکونوموپولس نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں منہاج القرآن کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے یہ خصوصی پروگرام منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی بہت اچھے کردار کے مالک اور پُرامن ہیں۔
مسٹر نیکوس وایا کاکوس نے کہا کہ مئی 2009ء میں صدر پیس اینڈ انٹی گریشن غلام مرتضیٰ قادری کے ساتھ پروگرام کی بات چلی اور آج نہایت اچھے انداز میں کرسمس پروگرام کا انعقاد کیا، جن کے لئے ادارہ مبارکباد کا مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اقوام کے دوران آج ایک دوسرے کو سمجھنے کی کوشش کی جائے۔ اگر ایک دوسرے کو سمجھ لیا جائے تو تمام اختلافات ختم ہو سکتے ہیں۔ آپ سب ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں اس لئے ایک دوسرے سے پیار کرنا ہم سب کے لئے ضروری ہے۔
الحاج محمد بشیر شاد نے انگریزی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں جتنے بھی مذاہب ہیں۔ ان سب کا پیغام انسان اور انسانیت کے گرد گھومتا ہے۔ ہم سب انسانیت کی اقدار کو جانتے ہیں لیکن ایک دوسرے کی خوشیوں میں شمولیت ہی انسانیت کی معراج ہے۔ سچائی کے اس عمل کو جو انسانیت میں مضمر ہے کبھی رائیگاں نہیں کرنا چاہیئے۔
یونان کے میئر دیمار خوس آغا لیو نے کہا کہ کسی مفکر کی بات سچ ہے کہ اچھے انسان سب کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یونان میں اچھے پاکستانیوں کے میل ملاپ سے ہمارے معاشرے کو مزید ثقافتی اقدار ملی ہیں۔ آپ سب یونان میں آئے ہیں اگرچہ آج کل یونان کی معیشت کافی حد تک گر چکی ہے لیکن مجھے امید ہے کہ ہم سب مل کر اس مشکل وقت کا مقابلہ کرتے ہوئے حل ڈھونڈ لیں گے۔
منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن یونان کے صدر غلام مرتضی قادری نے کہا کہ اسلام ایک امن پسند دین ہے اور پروگرام کے مقاصد اسی وقت حاصل کئے جاسکتے ہیں جب ایک دوسرے کے ساتھ مل کر شعور کو بیدار کیا جائے۔ اسلام سراپا امن دین ہے۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ مسلمان وہ ہے جس کے ہاتھ اور زبان سے مسلمان محفوظ رہے اور مومن وہ ہے جس کے ہاتھ سے پوری انسانیت محفوظ رہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بات سے کسی مسلمان کو ہرگز انکار نہیں کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام اللہ کے پیغمبر ہیں۔ لہذا ایک مسلمان حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے یوم پیدائش یعنی کرسمس کا پروگرام رکھتے ہیں تاکہ پیغام امن یہاں کے شہریوں تک پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم آپ کے مذہبی تہوار کرسمس کو سب مل کر منا رہے ہیں، تاکہ محبت اور امن کی فضا قائم ہو۔ یہ منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کا کرسمس کے حوالے سے دوسرا پروگرام ہے۔
پروگرام کے اختتام پر سید محمد جمیل شاہ نے یونانی زبان میں تقریب کا اختتام کرتے ہوئے جملہ مہمانوں، تھیوا، الف سینا، ماراتھونا اور نیکیا سے آئے شرکاء کے علاوہ صحافی برادری، سماجی شخصیات کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر پاک یونان دوستی کا نعرہ بلند کیا گیا اور مہمانوں کی خدمت میں مٹھائی اور مشروبات پیش کئے گئے۔
تبصرہ