منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کپیسلی مرکز کے زیراہتمام دوسری سالانہ ذکر امام حسین (رض) کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کپیسلی مرکز کے زیراہتمام مورخہ 19 دسمبر 2010ء کو دوسری سالانہ ذکر امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں منہاج القرآن سے وابستہ رفقاء و اراکین کے علاوہ ایتھنز اور گرد و نواح سے لوگوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تیمور علی عابد نے قرآن پاک کی آیات بینات سے کیا جبکہ شاہد باجوہ، چودھری تجمل نذیر، اشرف احمد، محمد عثمان، محمد شہزاد، دانش بشیر، عمران قادری اور یاسر عمران نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے اور شان اہلبیت پر اپنے مخصوص انداز میں کلام پیش کیا۔ جبکہ کانفرنس کی نقابت کے فرائض تیمور طارق نے سرانجام دیئے۔

منہاج القرآن کپسیلی مرکز کے ڈائریکٹر قاری محمد اکرم زاہد نے کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہلبیت کے فضائل کو ساری دنیا مانتی ہے، انہی کے طفیل روز آخرت ہماری نجات ہوگی۔ اہلبیت کی محبت ایمان کی بنیاد ہے۔ حق و باطل کی جنگ میں سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنے اہل و عیال کی قربانی دے کر عالم اسلام پر احسان عظیم کیا ہے۔

کانفرنس میں صدر منہاج القرآن یونان ملک جاوید اقبال اعوان، طارق شریف اعوان، ناظم نیکیا مرکز ظفر اقبال اعوان، ناظم میڈیا نوید سحر، آصف اعوان، مستنصر علی گھرال، میاں وقار احمد لادیاں، احسان اللہ خان اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس کے آخر میں شاہد باجوہ آف سیالکوٹ نے منہاج القرآن کی لائف ممبر شپ حاصل کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں منہاج القرآن اسلام کی حقیقی معنوں میں ترجمانی کر رہا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات کو عالم اسلام میں بہت بڑا مقام حاصل ہے اور آج میری اس عظیم کارواں میں بطور کارکن شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ میں منہاج القرآن کی فکر اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے بہت زیادہ متاثر ہوں۔

کانفرنس کا اختتام دعائے خیر سے ہوا جس کے بعد چودھری محمد شعیب اور شیخ محمد فاروق کی جانب سے لنگر حسینی تقسیم کیاگیا۔

رپورٹ : نوید سحر

تبصرہ