منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے زیر اہتمام شہادت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ عقیدت و احترام سے منایا گیا

منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے زیراہتمام یوم عاشور مورخہ 17 دسمبر 2010ء  بروز جمعۃ المبارک انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا اور محفل ذکر حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ منعقد کی گئی، جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ جو ان دنوں فرانس کے تنظیمی دورہ پر ہیں مہمان خصوصی تھے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا، جس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور منقبت امام عالی مقام پیش کی گئی۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل یورپ کے امیر علامہ حسن میر قادری نے نسبت کے موضوع پر تفصیلی گفتگو کی اور امام عالی مقام امام حسین علیہ السلام کی آقا دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے نسبت اور ا س کے حق پر پر مغز خطاب کیا۔

علامہ حسن میر قادری کے خطاب کے بعد ملٹی میڈیا پروجیکٹر کے ذریعے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہر القادری کا خطاب ’’کربلا سے شام تک‘‘ سنوایا گیا۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے واقعہ کربلا بیان کرتے ہوئے بتایا کہ جب قافلہ اہل بیت کو دمشق کی گلیوں سے گذارا جا رہا تھا تو سر حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ نیزے کی نوک پر تلاوت قرآن کر رہا تھا، اس سے متاثر ہو کر ایک عیسائی نے دمشق کی گلیوں میں یزیدی لشکر سے جنگ کی۔ شہادت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ایک زریں باب ہے۔ بدبخت یزیدی فوج نے مظالم کی انتہاء کر دی مگر حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے جانثار ساتھیوں نے بھی وفاؤں کی انتہا کر دی۔

عاشورہ کے پروگرام میں حاجی گلزار احمد، چودھری سعید، نعیم چودھری، عبدالجبار بٹ، چودھری شبیر بھدر، چودھری صفدر برنالی، ملک سرور، حاجی اسلم، چودھری محمد اعظم اور ملک شبیر احمد اعوان کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

رپورٹ: راؤ خلیل احمد

تبصرہ