انٹرنیشنل پریس کلب جاپان کا صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کے اعزاز میں عشائیہ

انٹر نیشنل پریس کلب جاپان کی طرف سے 15 نومبر 2010ء کو تحریک منہاج القرآن کی فیڈرل کونسل کے صدر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ عشائیہ کی میزبانی ٹوکیو کی معروف کاروباری شخصیت چوہدری محمد آصف نے کی جبکہ عشائیہ ٹوکیو کے معروف پاکستانی ریستوران مرحبا میں منعقد ہوا۔

عشائیہ میں جاپان میں پریس کلب سے وابستہ صحافیوں کے علاوہ ٹوکیو میں پاکستان کے قائمقام سفیر امتیاز احمد، معروف پاکستانی سائنسدان اور ٹوکیو یونیورسٹی سے ڈاکٹر محمد عمران الحق، معروف عالم دین، دانشور اور مفکر حسین خان، انٹرنیشنل مسلم سینٹر جاپان کے چیئرمین عبدالرحمن صدیقی، پاکستان پیپلز پارٹی جاپان کے صدر نعیم الغنی آرائیں، FOP کے اصغر حسین، پاکستان مسلم لیگ ن جاپان کے سابق صدر اور پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹری برائے امور خارجہ شیخ قیصر محمود، خواجہ عمران، منہاج القرآن انٹرنیشنل ناگویا کے صدر علی عمران، عبدالمصطفیٰ، ٹوکیو کے جنرل سیکرٹری قمر شہزاد قادری، سید یاسر حسین شاہ، محمد ایوب، اسلامک سنٹر تجوید القرآن جاپان کے سرپرست اعلیٰ قاری علی حسن، فیصل قادری، معروف تاجر رحیم آرائیں، راشد صمد خان، بنگلہ کمیونٹی کی اہم شخصیات سمیت مذہبی راہنماؤں سمیت جاپان میں مقیم سینئر پاکستانی اور جاپانی کمیونٹی کی اہم معزز شخصیات بھی عشائیہ کی تقریب میں موجود تھیں۔

عشائیہ کی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کا شرف قاری علی حسن نے حاصل کیا۔ اس کے بعد نعت مبارکہ پیش کی گئی۔ جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کے صدر و سینئر صحافی اور جاپان نیوز کے مدیر اعلیٰ چوہدری شاہد رضا نے معزز مہمان سے تمام شرکاء کا تعارف کرایا۔

عشائیہ کی تقریب میں پر تکلف کھانوں کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر شرکائے محفل نے صاحبزادہ حسین محی الدین قادری سے پاکستان کی سیاسی و معاشی صورتحال کے علاوہ عالمی سیاست اور دیگر مختلف موضوعات پر سوالات کئے، جن کے آپ نے تفصیلی اور تسلی بخش جواب دیئے۔

پروگرام کے آخر میں جاپان میں پاکستانی سفیر امتیاز احمد نے صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کی جاپان تشریف آوری پر خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بار پھر نازک حالات سے گزر رہا ہے، جس میں صاحبزادہ حسین محی الدین قادری جیسی علمی، فکری اور پر عزم نوجوان قیادت کی اشد ضرورت ہے۔

عشائیہ کے اختتام پر انٹرنیشنل پریس کلب جاپان کی طرف سے صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

رپورٹ: سید عثمان علی بخاری

تبصرہ