منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیراہتمام عید کا اجتماع اور بارسلونا کے میئر کی آمد

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیر اہتمام مورخہ 16 نومبر 2010ء کو Muses Maritim کے وسیع وعریض ہال میں عید الاضحی کا سب سے بڑا اجتماع منعقد ہوا جس میں ہر سال کی طرح اس سال بھی مختلف حکومتی عہدیداران اور مقامی سیاسی جماعتوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اس سال عید الاضحی کے اجتماع میں بارسلونا کے میئر Jordi Hereu  خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ میئر بارسلونا، بلدیہ بارسلونا اور سوشلسٹ پارٹی کے دیگر عہدیداران کے ہمراہ جب ہال میں پہنچے تو منہاج القرآن سپین کے صدر محمد اکرم بیگ، صدر مجلس شوریٰ حاجی ارشد محمود اور منہاج یوتھ لیگ سپین بلال یوسف نے ان کا استقبال کیا ۔

صدر مصالحتی کونسل محمد اقبال چوہدری نے میئر بارسلونا کے مبارکباد کے پیغام کا اردو زبان میں ترجمہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ مسلمانوں، پاکستانی کمیونٹی اور منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کا اعزاز ہے کہ میئر بارسلونا اپنی تمام مصروفیات کے باوجود صبح کے وقت ہمیں مبارکباد دینے کے لئے خود تشریف لائے۔

عیدالاضحی کے عظیم الشان اجتماع میں مسلم کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور یوں یہ اجتماع سپین میں موجود مسلمانوں کا مرکزی اجتماع بن گیا۔ اجتماع کے جملہ انتظامات منہاج یوتھ لیگ کے ذمہ تھے جنہوں نے انتہائی ذمہ داری اور خوبصورتی سے اپنے ڈیوٹی کو سرانجام دیا اور ہال میں داخل ہونے والے ہر شخص کو خوش آمدید کہا۔

عظیم الشان اجتماع کی پریس کوریج کے لئے پاکستانی اور مقامی میڈیا کی ایک کثیر تعداد موجود تھی جن میں Avui، پاک نیوز اور ہم وطن سر فہرست ہیں۔ عیدالاضحی کی ادائیگی کے بعد عالم اسلام کے مسائل کے حل اور وطن عزیز پاکستان کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی

تبصرہ