سنت ابراہیمی کی ادائیگی اللہ رب العزت کے قرب کا باعث ہے: علامہ سید محمد نعیم شاہد

پورے یورپ سمیت ویانا آسٹریا میں منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے زیر اہتمام مورخہ 16 نومبر 2010 کو منہاج القرآن کے زیر تعمیر سنٹر میں عید الاضحی کا عظیم الشان اجتماع منعقد ہوا جس میں پاکستانی کمیونٹی کی ایک کثیر تعدادنے شرکت کی۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے صدر خواجہ محمد نسیم، امیر حفیظ اللہ قادری اور محمد نعیم رضا قادری نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ منہاج القرآن اسلامک سنٹر ڈنمارک کے استاد علامہ سید محمد نعیم شاہد نے عید الاضحی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں خونی رشتہ سے بھی زیادہ اہمیت روحانی رشتہ کی ہے اور تمام مسلمان بھائی بھائی ہیں، ہمیں زمانہ جاہلیت کے رسم و رواج کو چھوڑ کر آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات اور سنت ابراہیمی پر عمل پیر ا ہوتے ہوئے قربانی دینی چاہئے کیونکہ قربانی اللہ رب العزت کے قرب کا باعث بنتی ہے۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک قربانی اپنے نام کی کیا کرتے تھے اور ایک امت کے نام کی۔

منہاج القرآن آسٹریا کے صدر خواجہ محمد نسیم نے تمام حاضرین کو عید کی مبارکباد پیش کی اور اعلان کیا کہ منہاج القرآن سنٹر میں آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نام کی قربانی کا گوشت بنا کر بریانی تیار کی جائے گی جسے نماز مغرب سے لے کر نماز عشاء تک تقسیم کیا جائے گا۔

عید کی نماز کی ادائیگی کے بعد علامہ سید محمد نعیم شاہد، خواجہ محمد نسیم، حفیظ اللہ قادری، محمد نعیم رضاقادری، شفیق الرحمن ہاشمی، ملک محمد شفیع اعوان اور دیگر ایگزیکٹو ممبران منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا ایک دوسرے کو گلے ملے اور عید کی مبارکباد دی۔

رپورٹ: محمد اکرم باجوہ

تبصرہ