منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے زیراہتمام سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سیمینار

منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے زیراہتمام مورخہ 6 نومبر 2010ء بروز ہفتہ پاکستان ایسوسی ایشن آف ہانگ کانگ کے کلب ہال میں عظیم الشان سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار کے مہمان خصوصی منہاج القرآن انٹرنیشنل کی فیڈرل کونسل کے صدر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری تھے جبکہ سیمینار کی صدارت قونصل جنرل آف پاکستان ڈاکٹر احمد بلال نے کی۔ سیمینار کا باقاعدہ آغاز حافظ عدنان سیالوی نے تلاوت کلام مجید سے کیا جبکہ حافظ سید تنویر حسین شاہ اور علامہ قاری صابر حسین صابر نے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔

صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے انسانی زندگی پر اثرات کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آج کے نفسا نفسی کے دور میں اللہ رب العزت کے قرب کے حصول کے لئے سیرت مصطفی سے راہنمائی لیتے ہوئے خلوت اور خود احتسابی کے لئے وقت نکال کر اپنی زندگیوں میں تبدیلی لانا ہوگی اور دنیا میں موجود تشدد کی فضاء کو ختم کرنے کے لئے برداشت، محبت، امن اور رواداری کو فروغ دینا ہوگا۔ منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں امت مسلمہ کی سربلندی کے لئے عملی اقدامات اور کاوشوں میں مصروف عمل ہے اور دنیا بھر میں اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں پائے جانے والے منفی پراپیگنڈا کے تدارک کے لئے سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روشنی میں یہ تعلیمات دے رہا ہے کہ اسلام امن و سلامتی، محبت و رواداری اور باہمی برداشت کا درس دیتا ہے۔ شیخ الاسلام نے دہشت گردی کے خلاف عظیم فتویٰ جاری کرکے ایک تاریخی کارنامہ سرانجام دیا ہے۔

قونصل جنرل آف پاکستان ڈاکٹر احمد بلال نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یقینا ڈاکٹر محمد طاہر القادری دنیا بھر میں امت مسلمہ کی نمائندگی کرتے ہوئے امن کے سفیر کی حیثیت سے اسلامی تشخص کو اجاگر کرنے میں مصروف ہیں اور منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے انجام دی جانے والی تعلیمی، سماجی اور فلاحی سرگرمیاں قابل تعریف وتحسین ہیں۔ سیمینار میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے صدر محمد سکندر باچہ، صدر پاکستان ایسوسی ایشن کیپٹن شہزادہ سلیم، حاجی محمد یونس، حاجی محمد نجیب، علامہ قاری عبدالرحمان چشتی، علامہ قاری محمد رمضان سیالوی، علامہ قاری صابر حسین صابری کے علاوہ علماء ودانشور، اہل علم و ادب، ڈاکٹرز، اساتذہ اور بزنس کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

رپورٹ: محمد نسیم نقشبندی

تبصرہ