منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے صدر خواجہ محمد نسیم کی آسٹرین وزیر داخلہ مادام فیکٹر سے ملاقات

منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے صدر خواجہ محمد نسیم نے حکومت آسٹریا کی وزیر داخلہ مادام فیکٹر کی خصوصی دعوت پر مورخہ 30 اکتوبر2010ء کو وزارت دفاع میں منعقدہ گول میز اجلاس میں شرکت کی۔ یہ اجلاس وزیر داخلہ کی طرف سے آسٹریا میں مقیم اہل اسلام کے نظریات اور ان کے معاشرتی استحکام کے موضوع پر منعقد کیاگیا تھاجس میں مختلف ملکوں کی اسلامی تنظیمات کے نمائندگان نے شرکت کی۔ پاکستانی مسلم کمیونٹی کی طرف سے منہاج القرآن آسٹریا کے صدر کو مدعو کیاگیا تھا۔وزیر داخلہ مادام فیکٹر نے مسلم نمائندگان کو اس اجلاس میں خوش آمدید کہا اور اجلاس کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے مختلف شرکاء کو اظہار خیال کی دعوت دی،  منہاج القرآن آسٹریا کے صدر خواجہ محمد نسیم کو خطاب کی دعوت دینے سے قبل وزیر داخلہ نے کہا کہ منہاج القرآن کی تنطیم عالمی سطح پر نہ صرف مذہب اسلام بلکہ فروغ امن اور خدمت انسانیت کے لئے نمایاں کام کر رہی ہے۔

خواجہ محمد نسیم نے شرکائے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام امن، محبت اور رواداری کا دین ہے جس میں احترام انسانیت اور خدمت انسانیت کی تعلیم دی گئی ہے، حدیث نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مطابق ہر وہ شخص جو اپنے ہاتھ اور زبان سے کسی انسان کو تکلیف پہنچاتا ہے وہ مسلمان نہیں۔ انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے حوالہ سے بتایا کہ وہ یورپ اور مغرب میں بسنے والے مسلمانوں کو امن ومحبت کی تعلیم دیتے ہیں۔ وہ اس وقت عالم اسلام اور عالم مغرب کے دوران غلط فہمیوں کو دور کر کے انہیں رشتہ انسانیت میں قریب لانے کے لئے ایک موثر پل کا کردارادا کرہے ہیں۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل جہاں دنیا بھر میں تعلیم وشعور، امن ورواداری اور خدمت انسانیت کی کاوشیں کر رہی ہے وہاں آسٹریا میں مقیم پاکستانی مسلمانوں اور غیر مسلم کمیونٹی میں فروغ محبت و روادری کے ذریعے معاشرتی استحکام کے لئے کوشاں ہے۔ خواجہ محمد نسیم نے ویانا شہر میں نئے زیر تعمیر منہاج ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سنٹر کے متعلق بھی بریفنگ دی اور واضح کیا کہ یہ پلیٹ فارم انشاء اللہ انٹر فیتھ ڈائیلاگ اور انٹر کلچرل ہم آہنگی کے ذریعے آسٹریا میں امن واستحکام کے لئے مثبت کردار ادا کرے گا، ہمارے سنٹر میں ہر طبقہ فکر کے مسلمانوں کے علاوہ غیر مسلموں کو بھی فراخ دلی سے خوش آمدید کہا جاتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے آسٹریا حکومت سے مطالبہ کیا کہ مسلم کمیونٹی کو عید الفطر، عیدالاضحی، محرم الحرام اور عید میلاد کی چھٹی کو سرکاری چھٹی کا درجہ دیا جائے۔وزیر داخلہ نے شرکائے اجلاس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ اس طرح کے موضوعات پر امن پسند اور ترقی پسندمسلم تنظیمات کے ساتھ مثبت تبادلہ خیال کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ اجلاس کے اختتام پر وزیر داخلہ کی طرف سے حاضرین کے لئے پر تکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔

رپورٹ: محمدنعیم رضا

تبصرہ