منہاج القرآن انٹرنیشنل نیکیا یونان میں عظیم الشان مقابلہ حسن نعت کی تقریب

منہاج القرآن انٹرنیشنل نیکیا مرکز یونان میں مورخہ 30 اکتوبر 2010ء بروز ہفتہ بعد نماز عشاء ایک عظیم الشان مقابلہ حسن نعت کی تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت ملک جاوید اقبال اعوان صدر MQI یونان نے کی جبکہ ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس محفل میں خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ایتھنز کے علاوہ ماراتھونا، نیاماکری، انوفیتا، الف سینا، ریندی، منیدی، کپیسلی اور پیرا ستیری سے عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز حافظ مدثر مصطفیٰ نے تلاوت کلام مجید سے کیا۔ اس کے بعد باری باری نعت خواں حضرات تشریف لاتے رہے اور بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ عقیدت کے پھول نچھاور کرتے رہے۔ کیف و سرور کے اس ماحول میں عاشقان مصطفی کا حال قابل دید تھا۔ اول، دوم اور سوم آنے والے نعت خواں حضرات کے لئے خصوصی انعامات تھے، اول انعام کپیسلی کے یاسر عمران، دوم انعام ماراتھونا کے محمد افضال اور سوئم حق نواز ماراتھونا نے حاصل کیا جبکہ دیگر نعت خوانوں کو حوصلہ افزائی کے انعامات سے نوازا گیا اور قرعہ اندازی کے ذریعے حاضرین کو 25 عرفان القرآن دیئے گئے۔ پروگرام کی نقابت ناظم منہاج القرآن نیکیا ملک ظفر اقبال اعوان اور عمران علی قادری نے کی۔

ڈائریکٹر منہاج القرآن نیکیا صوفی عبید اللہ چشتی نے حاضرین محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی وسرپرست اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری پوری دنیا میں عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اتحاد امت کا درس دیتے ہیں اور آج کی یہ با برکت محفل اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے آیئے اس کارواں میں شامل ہو کراپنے سینوں کو عشق رسول کی شمع سے روشن کر لیں۔ صدر منہا ج القرآن انٹرنیشنل یونان ملک جاوید اقبال اعوان نے پنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن نیکیا کی ایگزیکٹو باڈی مبارکباد کی مستحق ہے جس نے اتنی شاندار محفل نعت کا اہتمام کیا۔ مادیت کے اس دور میں جب ہر کوئی نفسانفسی کے عالم میں ہے اس طرح کی روحانی محافل سے انہیں سکون میسر آتا ہے۔

محفل کے مہمان خصوصی الحاج محمد شفیق اعوان (صدر مجلس شوری یونان )، غلام مرتضیٰ قادری( صدر پیس اینڈ انٹی گریشن) اور عبدالجبار سلہری(ناظم یونان) تھے جبکہ مقابلہ حسن نعت کے ججز کے فرائض محمد طارق کنجاہی، حاجی محمد یوسف اور استاد باقر چغتائی نے سرانجام دیئے۔ پروگرام میں شرکت کرنے والی سیاسی وسماجی شخصیات میں حاجی غلام سرور آف بدھوال، حاجی محمد افضل شام پور صدر باہو ٹرسٹ، حاجی فواد یوسف بٹ،چوہدری احسان اللہ، ڈاکٹر عبدالرزاق، طارق شریف( نائب ناظم منہاج القرآن)، الحاج محمد بشیر شاد، سجاد احمد قادری اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

رپورٹ: نوید سحر

تبصرہ