کشمیر فورم برلن (جرمنی) کی طرف سے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے ساتھ کشمیریوں کے لئے مظاہرہ

برلن بیورو اور مرکزی آفس اور مرکزی آفس MCB یورپ کے مطابق برلن میں مورخہ 19 اکتوبر 2010ء بروز منگل جرمنی کی پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے افرادنے  برلن کے مشہور اور پررونق شاہراہ کوڈام پر واقع یادگاری گرجاگھرکے قریب کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لئے مظاہرہ کیا۔ اسلامی تحریک کے سابق امیر اور کشمیر فورم کے صدر خالد محمود اور تحریک منہاج القرآن کے میڈیا کوآرڈینیٹر برائے یورپ و جنرل سیکرٹری کشمیر فورم محمد شکیل چغتائی نے مظاہرے کی قیادت کی جس میں آزادکشمیر کے سابق وزیر اعظم بیرسٹرسلطان محمودچوہدری نے خصوصی شرکت کی۔

مظاہرین کشمیر میں انڈیا کے جبر، یو این اوکے چارٹرکی خلاف ورزی، حق خود اختیاری، اقوام متحدہ کی قراردادوں کی حمایت کے نعروں پر مشتمل پلے کارڈ اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے، مظاہرے کے دوران کشمیر سے انڈین فوج سے اخراج، کشمیر کشمیریوں کا ہے، کشمیر کو آزادی دو اور انسانی حقوق بحال کرو کے پر زور نعرے لگائے گئے ۔ خالد محمود، صدیق کیانی، محمد شکیل چغتائی اور مرزا مسعود بیگ کے بچوں نے مسئلہ کشمیر کے بارے میں معلوماتی بروشرز راہ گیروں میں تقسیم کئے۔

مظاہرہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور اس جنگ میں گذشتہ چند ماہ سے بہت تیزی آچکی ہے،  جرمنی اور یورپی یونین کو اس کا نوٹس لینا چاہیئے، انڈین افواج کے بے پناہ مظالم، معصوم کشمیریوں کے قیدوبند اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے مگر اب اس جدوجہد کو روکنا انڈیا کے بس کی بات نہیں۔کشمیر فورم کے جنرل سیکرٹری محمد شکیل چغتائی نے مظاہرین کا شکریہ ادا کیا۔

رپورٹ: مرکزی آفس MCB یورپ (جرمنی)

تبصرہ