منہاج القرآن انٹرنیشنل کی یورپین یونین کے ممالک کی تنظیمات پر مشتمل منہاج یورپین کونسل کاپہلا اجلاس 8 اکتوبر کو جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں یورپ بھر سے منہاج یورپین کونسل کے عہدیداران نے شرکت کی جن میں امیر تحریک علامہ حسن میر قادری(فرانس)، صدراعجاز احمد وڑائچ(ناروے)، نائب صدر شبیر احمد کھوکھر(جرمنی)، سیکرٹری جنرل محمد بلال اپل(ڈنمارک)، جوائنٹ سیکرٹری محمد نعیم رضا (آسٹریا)، ناظم رابطہ ظہیر انجم(اٹلی)، سرپرست ویلفیئر ڈاکٹر عابد عزیز(ہالینڈ)، ڈائریکٹر ویلفیئر حافظ اقبال اعظم(فرانس)، صدر MPICسید محمد ارشد شاہ(اٹلی)، سیکریٹری جنرل MPICسید محمد جمیل شاہ(یونان)، سپرست MCBمحمد شکیل چغتائی(جرمنی)، سیکریٹری جنرل MCBنوید احمد اندلسی (سپین)اور کوارڈینیٹر MCBاٹلی سمیع اللہ وڑائچ (اٹلی)شامل تھے۔ صدر MCBراؤ خلیل احمد (فرانس) اور کوارڈینیٹر MCBآسٹریا محمد اکرم باجوہ ذاتی مصروفیات کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہ ہو سکے ۔ 8 اکتوبر کی صبح ہی منہاج یورپین کونسل کے عہداران کی آمد شروع ہو گئی منہاج القرآن انٹرنیشنل فرینکفرٹ جرمنی کے صدر شبیر احمد کھوکھر اور ان کے رفقاء کی طرف سے شرکاء کافرینکفرٹ انٹرنیشنل ائیر پورٹ پرپرتپاک استقبال کیا گیااور انہیں گلدستے پیش کیےگے۔ تین دن جاری رہنے والے اجلاس کا آغاز 8 اکتوبر کی شام کو ہوا اور 10اکتوبر کو اختتام پذیر ہوا۔گزشتہ ماہ جولائی میں تنظیم نو کے بعد منہاج یورپین کونسل کا یہ پہلا اجلاس تھا۔
اجلاس کا باقاعدہ آغازحافظ اقبال اعظم نے تلاوت قرآن کریم اور محمد نعیم رضانے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا جس کے بعد اعجاز احمد وڑائچ نے نو منتخب اراکین یورپین کونسل کو خوش آمدید کہا اور میٹنگ کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ محمد بلال اپل نے اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا۔ اس موقع پر تمام شرکاء کی طرف سے منہاج القرآن انٹرنیشنل فرینکفرٹ جرمنی کا پہلے اجلاس کی میزبانی کرنے پر شکریہ ادا کیا گیا۔ جس کے بعد تمام شرکاء نے اپنا تعارف کرایا۔اس طرح نصف شب کو اجلاس کا پہلا سیشن اختتام پذیر ہوا۔
دوسرے دن صبح 10بجے تلاوت قرآن کریم و نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اجلاس کا آغاز کیا گیا جس کے بعد علامہ حسن میر قادری نے منہاج یورپین کونسل کے اغراض و مقاصداور اس کی مختصر تاریخ بیان کی۔ منہاج یورپین کونسل کے انتظامی امور کو بہتر بنانے کے لیے طویل مشاورت کے بعد منہاج القرآن یورپ کو تین انتظامیہ زونز میں تقسیم کا فیصلہ کیا گیا زون1 میں ڈنمارک، فن لینڈ، نارو ے اور سویڈن، زون 2 میں بیلجیم، جرمنی، فرانس، ہالینڈ، سپین اور زون 3میں آسٹریا، یونان ، اٹلی اور سوئٹزر لینڈ کو شامل کیا گیا۔
منہاج یورپین کونسل کے شعبہ جات کی کارکردگی کی رپورٹس پیش کرنے کے سلسلے میں سید ارشد شاہ نے Minhaj Peace and Integration، حافظ اقبال اعظم نے Minhaj Welfareاور محمد شکیل چغتائی نے Media Coordination Bureauکی رپورٹ پیش کی۔ علامہ اقبال اعظم نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے سیلاب زدگان کی مددد کے لیے یورپ میں بھرپور کام کیا ہے اور اس سلسلے میں ملکی و علاقائی تنظیمات کی کارکردگی کو سراہا، انہوں نے بتایا کہ MWF کے لٹریچر کا یورپ کی مقامی زبانوں (ڈینش، نارویجن، ہسپانوی، اٹالین ، یونانی وغیرہ) میں ترجمہ شروع ہو چکا ہے جو کہ آئندہ تین ماہ تک مکمل ہو جائے گا۔ MPIC کے سابق صدر اور یورپین کونسل کے موجودہ صدر اعجاز وڑائچ نے MPIC کے صدر سید ارشد شاہ کواس شعبے کے بارے ہدایات دیں۔ MCB کے سرپرست محمد شکیل چغتائی نے میڈیا کے حوالے سے رپورٹ میں اس کام کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور اس سلسلے میں مزید کوارڈینیٹرز کی تقرری کی اہمیت پر زور دیا۔
دوسرے دن اجلاس کے آخری حصہ میں بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ٹیلیفونک گفتگو میں منہاج یورپین کونسل کے نو منتخب اراکین کو مبارک باد دی اور کامیابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے منہاج یورپین کونسل کو مستقبل کے اھداف بتائے اور بالخصوص Peace & Integration کو یورپ کے ہر ملک تک پھیلانے کی ہدایت کی، انہوں نے اپنی گفتگو میں منہاج القرآن کی تنظیمات کو ہدایات دیں کہ وہ مقامی حکومتی اداروں سے مل کر ویلفیئر، تعلیم، پیس (قیام امن) اور دیگر شعبوں میں اپنا کردار اداکریں، اس کے علاوہ انہوں نے منہاج یورپین کونسل کو دیگر تنظیمی معاملات کے بارے راہنمائی دی۔ اجلاس کے تیسرے اور آخری دن منہاج القرآن انٹرنیشنل فرینکفرٹ کی تنظیم کے تحت منہاج پیس اینڈ انٹیگریشن کونسل کی بنیاد رکھی گئی جس میں علامہ حسن میر قادری اور اعجاز وڑائچ نے خصوصی تربیتی گفتگوکی اور اس کونسل کے اغراض و مقاصد بارے آگاہ کیا۔ مشاورت کے بعد منہاج یورپین کونسل کا آئندہ اجلاس 7 تا 9 جنوری 2011 ڈنمارک کے دار الحکومت کوپن ہیگن میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس میٹنگ کے آخری دن تربیتی کیمپ منعقد ہو گا جس میں منہاج یورپین کونسل کے ایگزیکٹو ممبران کے علاوہ Zone 1 میں شامل ممالک (ناروے، فن لینڈ، سویڈن اور ڈنمارک ) کی تنظیمات کے عہدیداران بھی شرکت کریں گے۔
رپورٹ: نوید احمد اندلسی
تبصرہ