آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں منہاج کلچرل سنٹر کا قیام

اللہ رب العزت کے فضل و کرم اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعلین پاک کے تصدق سے، خواجہ محمد نسیم صدر منہاج القرآن آسٹریا اور ان کے رفقائے کار کی طویل جدوجہد کے بعد بالآخر آسٹریا کے دارلحکومت ویانا میں سٹی سنٹر کے اندر منہاج کلچرل اینڈ ایجوکیشن سنٹر کا قیام عمل میں آگیا۔

گذشتہ ہفتہ ضروری کاغذی کارروائی کے بعد چابیاں لے کر تمام تنظیمی احباب، رفقاء و وابستگان اور کمیونٹی کے مختلف نمائندگان نے سنٹر کا وزٹ کیا۔ اس موقع پر امیر محمد حفیظ اللہ قادری نے خصوصی دعا کرائی اور ملک امین اعوان سیکرٹری فنانس نے سب حاضرین کا منہ میٹھا کروایا۔ مرکز کی عمارت اپنی وسعت اور بناوٹ کے اعتبار سے مقامی مسلمانوں کی ساری ضروریات مسجد ہال، بچوں کے لئے تعلیم و تربیت، خواتین کے لئے علیحدہ ہال، لائبریری، مہمان خانہ، نوجوانوں کی دلچسپی اور کمیونٹی کے مختلف سماجی پرگرامز کے لئے الگ ہال پر مشتمل ہے۔ تاہم باہمی صلاح و مشورہ سے اس عمارت میں مناسب تبدیلیاں اور مرمت و آرائش کا کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ تعمیری کام کا ذمہ ملک محمد شفیع نائب صدرکے سپرد کیا گیا ہے جبکہ شیخ محبوب عالم اور محمد حفیظ اللہ مہمان خانے اور مسجد کے معاملات کے منتظم ہوں گے، ملک اعجاز رشید لائبریری امور کو سنبھالیں گے، خواجہ محمد نسیم ان سب انتظامی کمیٹیوں کے سربراہ ہوں گے۔

اس موقع پر خواجہ محمد نسیم نے مقامی اخباری نمائندوں محمد اکرم باجوہ اور بشیر ناصر سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اللہ رب العزت کی توفیق سے منہاج القرآن سنٹر سے اسلام کی امن و محبت اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پرمبنی اصل تعلیمات کا فروغ ہوگا اور پاکستانی کمیونٹی کی سماجی و تعلیمی ضروریات پوری کرنے کے علاوہ ہماری آئندہ نسلوں کے اچھا انسان اور بہتر مسلمان بنانے کے مقصد پر محنت کی جائے گی۔

رپورٹ : محمد نعیم رضا

تبصرہ