منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے زیراہتمام مورخہ 27 جولائی 2010ء بروز منگل کو ادارہ کے تمام مراکز (ریندی، نیکیا، کیپسلی، اسپروپیرگوس، الف سینا، نوفیتا، آرگوس، تھیوا، کورنتھوس، میگارہ، ، الونا، کروپی، برخامی، سیماتاری، منیدی، نیایونیا، خلقیدہ) میں نماز عصر کے بعد اجتماعی دعاؤں اور محافل کا اہتمام کیا گیا جس میں علماء کرام نے شب برات کے فضائل بیان کئے۔
علماء کرام نے شب برات کی فضلیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ جب شعبان کی پندرھویں شب آجائے تو اس رات کو قیام کرو اور دن کو روزہ رکھو کیونکہ اس رات میں اللہ رب العزت آسمان دنیا پر تشریف لاتے ہیں اور فرماتے ہیں کہ ہے کوئی بخشش طلب کرنے والا کہ میں اسے بخش دوں؟ ہے کوئی روزی طلب کرنے والا اسے روزی دوں؟ ہے کوئی مبتلا کہ اسے عافیت دوں؟
ایک اور حدیث پاک جو حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ جبرائیل میرے پاس آئے اور کہا کہ شعبان کی پندرھویں رات میں اللہ تعالیٰ جہنم سے بنی قلب کی بکریوں کے بالوں کے برابر لوگوں کو دوزخ کے عذاب سے نجات فرماتے ہیں مگر کافر، عداوت والے، رشتہ منقطع کرنے والے، کپڑا لٹکانے والے، شرابی اور والدین کے نافرمان کی طرف نظر نہیں فرماتے۔
شب بیداری میں ملک و قوم کے لئے دعائیں مانگی گئیں بالخصوص یونان میں مقیم بیروزگار پاکستانیوں کے حق میں دعا کی گئی کہ اللہ رب العزت انہیں رزق کے حلال ذرائع فراہم کرے۔ محفل میں شرکاء نے اجتماعی طور پر صلوۃ التسبیح ادا کی اور انفرادی ذکر اذکار کئے۔
پروگرام کے اختتام پر شب بیداری کرنے والوں اور روزہ رکھنے والوں کے لئے پر تکلف سحری کا اہتمام کیا گیا۔
رپورٹ : نوید سحر
تبصرہ