منہاج القرآن انٹرنیشنل بریشیاء (اٹلی ) کے زیراہتمام مورخہ 11 جولائی 2010ء بروز اتوار اٹلی کے مشہور نعت خواں حاجی محمد الیاس کے گھر میں محفل نعت منعقد ہوئی جس میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
محفل کا باقاعدہ آغاز صوفی محمد الطاف نے قرآن پاک کی آیات بینات سے کیا جبکہ فیضان حفیظ، محمد حفیظ، محمد آصف، فاروق بٹ، محمد اعجاز، عبدالقادر، مرتضیٰ شاہ، شاہجہاں، رفاقت شاہ اور محمد امتیاز نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں پرسوز آواز میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ محفل کی نقابت کے فرائض منہاج یوتھ لیگ بریشیاء کے صدر اسجد عمران نے ادا کیے۔
محفل کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد الیاس نے کہا کہ ثناء خوانی اللہ رب العزت اور اس کے فرشتوں کی سنت ہے کیونکہ نعت خوانی میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان بیان کی جاتی ہے جبکہ قرآن حکیم میں اللہ رب العزت نے الحمد سے والناس تک اپنے محبوب کی مختلف اداؤں کا ذکر کیا ہے۔ حضرت حسان بن ثابت رضی اللہ عنہ جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نذرانہ عقیدت و محبت بیان کرتے تو آپ نے کبھی منع نہیں فرمایا بلکہ دعا دی کہ اے اللہ حسان کی روح القدس کے ذریعے مدد فرما۔ آج ہمیں اپنے دلوں کو محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے مزین کرنے کے لئے ایسی محافل کا انعقاد کرنا چاہئے اور ان میں جوش و خروش سے شریک ہونا چاہئے۔
پروگرام کا اختتام رفاقت شاہ کی پر سوز دعا سے ہوا۔
رپورٹ : محمد اعجاز، عبدالقادر
تبصرہ