منہاج القرآن اسلامک سنٹر لندن میں حلقہ درود و سلام کا تیسرا سالانہ روحاني اجتماع

منہاج القرآن انٹرنيشنل لندن کے زيراہتمام تیسرا سالانہ حلقہ درود و سلام کا روحاني اجتماع 28 جون 2010ء کو لندن ميں ہوا۔ منہاج اسلامک سنٹر لندن میں ہونے والے اس پروگرام کي صدارت منہاج القرآن انٹرنيشنل کي سپريم کونسل کے صدر صاحبزادہ حسن محي الدين قادري نے کي۔

اس روحانی اور علمی نشست میں صاحبزادہ حماد مصطفیٰ قادری نے تلاوت قرآن پاک کی سعادت حاصل کی۔ حسان منہاج محمد افضل نوشاہی نے بارگاہ رسالت میں ہدیہ عقیدت پیش کیا، محفل کی نقابت کے فرائض علامہ صادق حسین قریشی نے سر انجام دیئے۔

صاحبزادہ حسن محي الدين قادري نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا و آخرت کے معاملات و مشکلات کا حل محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہے۔ محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سب سے خاص ذریعہ درود شریف کا نذرانہ ہے۔ آج نوجوان اپنے دلوں کو عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے منور کر لیں تو ان کی زندگیوں سے دنیا و آخرت کے تمام اندھیرے چھٹ جائیں گے۔

صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے کہا کہ دنیا کے امن و امان کی ضمانت اور انتہاء پسندی و دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے نوجوانوں کے اندر محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چراغ روشن کر نے کے اشد ضرورت ہے۔ پیغمبر اسلام وہ ذات ہیں جن پر صرف امت مسلمہ ہی نہیں بلکہ دیگر مذاہب اور اقوام نے بھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو صادق اور امین کے نام سے پکارا۔

انہوں نے کہا کہ آج اقوام عالم میں اسلام کو مشکل حالات کا سامنا ہے اس کی وجہ گنبد خضریٰ اور مکین گنبد خضریٰ کے ساتھ تعلق میں کمزوری ہے۔ اگر اسلامی ممالک کے حکمران اپنے دینی و ریاستی اداروں کے اندر اسوہء رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو پروان چڑھاتے تو آج دنیا میں ذلت و رسوائی کا منہ نہ دیکھنا پڑتا۔ بدقسمتی سے دنیا کا اکثریتی دین ہونے کے باوجود امت مسلمہ اپنی نا اتفاقی کی وجہ سے اسلامی شناخت کو چھپاتی پھر رہی ہے۔

صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے مزید کہا کہ چند شرپسند عناصر غیر ملکی و غیر مذہبی عناصر کے ساتھ ملکر دین اور امت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں، اگر امت مسلمہ کو اپنی کھوئی ہوئی عظمت رفتہ بحال کرنی ہے تو قرآن اور صاحب قرآن سے تعلق کو مضبوط کریں۔

پروگرام کا اختتام دعا سے ہوا۔

رپورٹ: آفتاب بیگ ( آکسفورڈ)

تبصرہ