منہاج مصالحتی کونسل سپین نے 11 جون 2010ء کو منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے صدر صاحبزادہ حسن محی الدین قادری کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ بادالونا کے مقامی ریسٹورنٹ میں ہونے والی ظہرانے کی تقریب میں حکومت کاتالونیا کی ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور Montserrat Coll، بلدیہ بادالونا کے کونسلر شعبہ سماجی بہبود Josep Pera، بلدیہ بادالونا کے مشیر David Torrents، بلدی بادالونا کے کونسلر شعبہ تعلیمات Josep Duran، مشیر شعبہ تعمیرات Blas، ہسپانوی وزارت داخلہ کے شعبہ انٹیلی جنس کے نمائندگان، پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر منظور حسین شمس، آفتاب حسین ابرار، قمر مہر اور حلیم بٹ کے علاوہ سرکاری عہدیداران و سماجی تنظیمات کے نمائندگان نے بھی خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمد اقبال چودھری نے مہمانوں کا تعارف کروایا جس کے بعد حکومت کاتالونیا کی ڈائریکٹر جنرل برائے مذہبی امور Montserrat Coll نے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ منہاج القرآن سپین کے بین الثقافتی اور بین المذاہب پروگراموں سے بہت مطمئن ہیں۔
دریں اثناء مرکزی سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے مہمانوں کو فرانسیسی زبان میں منہاج القرآن کا تعارف کرایا اور سپین میں منہاج مصالحتی کونسل کی سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا۔ منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمد اقبال چوھدری کو بین المذاہب اور بین الثقافتی سرگرمیوں میں بھر پور حصہ لینے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے کہا کہ منہاج القرآن کو محمد اقبال چودھری جیسے محنتی اور اہل کارکنان پر فخر ہے۔ صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی طرف سے محمد اقبال چودھری کو ان کی تحریکی خدمات کے اعتراف میں گولڈ میڈل دینے کا بھی اعلان کیا۔
ظہرانے کے اس تقریب کے اختتام پر منہاج مصالحتی کونسل کے صدر محمد اقبال چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لئے گولڈ میڈل بہت بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میڈل منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے لئے قیمتی سرمایہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس تقریب کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔
رپورٹ: نوید احمد اندلسی (سپین)
تبصرہ