منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے صدر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے 11 جون 2010ء کو منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے نئے اسلامک سنٹر کا افتتاح کیا۔ افتتاح کے بعد آپ نے اپنے دست مبارک سے دعا بھی کرائی۔ یورپ میں یہ منہاج القرآن کا سب سے بڑا مرکز ہے جو اسلام کے عالمی پیغام امن کے فروغ و اشاعت کے لیے 14.7 ملین کرونز کی مالیت سے خریدا گیا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اکتوبر 1980 میں پاکستان میں جب ادارہ منہاج القرآن کا آغاز کیا تو جلد ہی پاکستان سے باہر بھی اس کے مراکز قائم ہونے لگے۔ اس سلسلہ میں ڈنمارک کو بیرونی دنیا میں سب سے پہلے منہاج القرآن کی تنظیم اور مرکز قائم کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ پھر پورے یورپ میں تحریک منہاج القرآن کا پیغام اسی مرکز سے پھیلا۔
دریں اثناء منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے صدر صاحبزادہ حسن محی الدین قادری 11 جون 2010ء کو منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے دورہ کے لیے تشریف لائے، آپ کی آمد پر پروقار استقبال کیا گیا۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے نئے سنٹر کی افتتاحی تقریب کے تاریخی اور پر مسرت موقع پر یورپ بھر اور مختلف ممالک سے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدور، ناظمین، امراء، رفقاء اور وابستگان بھی ڈنمارک تشریف لائے۔ دوسری جانب تقریب میں شرکت کے لیے ڈنمارک کے مختلف شہروں سے ہزاروں مسلمان صبح ہی سےجمع ہونا شروع ہو گئے تھے۔
ڈنمارک کے نئے مرکز کی افتتاحی تقریب میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے صدر صاحبزادہ حسن محی الدین قادری مہمان خصوصی تھے۔ سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، علامہ حسن میر قادری، منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس سے نعیم چودھری، حاجی ارشد جاوید (صدر منہاج القرآن اٹلی)، محمد شکیل چغتائی (سرپرست میڈیا کوآرڈینیشن بیورو یورپ)، فیض عالم (سیکریٹری جنرل منہاج القرآن ناروے)، نوید احمد اندلسی (سیکریٹری جنرل منہاج القرآن سپین)، چن نصیب (صدر یوتھ لیگ اٹلی)، عاطف رؤوف قادری (صدر یوتھ لیگ ناروے)، محمد سرور چودھری (صدر مجلس شوریٰ ڈنمارک) اور منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے صدر علامہ سید محمود شاہ بھی دیگر معزز مہمانوں میں شامل تھے۔ تقریب میں معزز مہمانوں کی آمد پر حاضرین نے زبردست اور پرتپاک استقبال کیا۔
نئے اسلامک سنٹر کی افتتاحی تقریب کے بعد ایک عظیم الشان میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا بھی انعقاد کیا گیا۔ جس میں ڈنمارک بھر کی مختلف مذہبی، سیاسی، سماجی اور دینی مراکز کی تنظیمات نے بھرپور شرکت کی۔ اس کانفرنس میں نقابت کے فرائض علامہ ندیم یونس منہاجین اور فیصل نجیب (نائب صدر منہاج یوتھ لیگ ڈنمارک) نے ادا کیے۔
میلاد کانفرنس کا آغاز حافظ ظہیر احمد قادری کی تلاوت سے ہوا۔ منہاج نعت کونسل ڈنمارک نے ہدیہ نعت بحضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کیا۔ یوکے سے تشریف لانے والے مہمان ثناء خواں میلاد رضاء قادری نے اپنی دل نشین آواز سے نعت مبارکہ پیش کی۔
میلاد کانفرنس کے مقررین میں شیخ زاہد فیاض، علامہ حسن میر قادری، حلیمہ سعدیہ اُپل، عامر مجید نے اردو اور ڈینش زبان میں "امن سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روشنی میں" اور "منہاج القرآن کا کردار" کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔ تمام مقررین سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تناظر میں عالمی قیام امن کے لیے منہاج القرآن کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
کانفرنس میں صاحبزادہ حسن محی الدین قادری (صدر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل) نے خصوصی خطاب کیا۔ آپ نے منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے نئے مرکز کے افتتاح پر تمام مرکزی قائدین کو خصوصی مبارکباد پیش کی۔ آپ نے ڈنمارک کے نئے مرکز کو یورپ کا حسین، خوبصورت اور منفرد اسلامک سنٹر قرار دیا۔ ڈنمارک کی تنظیم اور اس کے جملہ فورمز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے آپ نے کہا کہ ڈنمارک کی تنظیم نے اسلام کے فروغ و اشاعت کے لیے حقیقی معنوں میں مثالی کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے اس بے مثال، تاریخی اور شاندار کارکردگی اور کامیابی پر ڈینش تنظیم جبکہ چار قائدین محمد بلال اُپل، علی عمران، علامہ عبد الستار سراج اور محترمہ نفیس فاطمہ افتخار کے لیے گولڈ میڈلز دینے کا اعلان بھی کیا۔ اس کے علاوہ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے 20 رفقاء کو ان کی بے مثال قربانی اور اعلیٰ کارکردگی پر صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے گلدستے بھی پیش کیے۔
پروگرام کے آخر میں محترم محمود شاہ (صدر منہاج القرآن ڈنمارک) نے تمام حاضرین، معزز مہمانان گرامی قدر کا شکریہ اداء کیا۔ پروگرام کے بعد حاضرین کے لیے پر تکلف ضیافت میلاد کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
پروگرام کی شاندار کامیابی اور ڈنمارک میں نئے اسلامک سنٹر کے افتتاحی پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے بھی ٹیلی فون پر ڈنمارک کی تنظیم کو خصوصی مبارک باد دی اور تنظیم کے لیے گولڈ میڈل کا اعلان کیا۔
تبصرہ