منہاج القرآن نارتھ اٹلی کی تنظیم سازی کا پروگرام مورخہ 1 اپریل 2010 کو منعقد ہوا، پروگرام کی صدارت یورپین کونسل کے صدر سید محمد ارشد شاہ اور یورپین کونسل کے جنرل سیکرٹری حاجی محمد اصغر نے کی، جو خصوصی طور پر فرانس سے تشریف لائے تھے۔ پروگرام کا آغاز یوتھ لیگ کے ناظم چن نصیب نے تلاوت قرآن مجید سے کیا، بعد میں حاجی محمد یونس بٹ نے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں بڑے خوبصورت انداز میں ہدیہ نعت پیش کیا۔
حاجی محمد اشرف نے یورپین کونسل کے ممبران کو اس پروگرام کے اغراض و مقاصد اور تمام تنظیمات کا تعارف کروایا۔ پروگرام میں بریشیا، میلان سٹی اور دیزیو کی تنظیمات نے شرکت کی، تمام تنظیمات نے اپنی اپنی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی۔ پروگرام میں شوریٰ کے صدر حاجی محمد ارشد جاوید اور شوریٰ کے تمام اراکین نے شرکت کی۔ اس کے بعد ناظم یورپین کونسل حاجی محمد اصغر نے مرکز کی ہدایات کے مطابق شرکاء کو طریقہ کار سے آگاہ کیا۔
صدر کے لئے حاجی ارشد جاوید، ناظم حاجی محمد اشرف اور ناظم مالیات کے لئے حاجی محمد خالد کے نام آئے، خوش آئند بات یہ ہے کہ میلان سٹی، بریشیا اور دیزیو کی تنظیمات نے اتفاق رائے سے ان احباب کو نامزد کیا۔ آخر میں حاجی محمد اشرف نے یورپین کونسل کے قائدین کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اس پروگرام میں تشریف لائے، بالخصوص بریشیا، میلان سٹی اور دیزیو کی تنظیمات کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے نامزد عہدیداران پر اعتماد کا اظہار کیا۔ نو منتخب ممبران نے ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر کام کرنے کا یقین دلایا۔
آخر میں تمام احباب نے دعا کی کہ اللہ رب العزت ہمیں اپنے دین اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے عظیم مشن کو سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ پروگرام کا اختتام ریفریشمنٹ اور دعائیہ کلمات سے ہوا۔
رپورٹ : محمد یعقوب
تبصرہ