دیزیو، اٹلی میں 15ویں سالانہ محفل میلاد مصطفیٰ (ص)

منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی (دیزیو) کے زیراہتمام 15 ویں سالانہ محفل میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مورخہ 27 فروری 2010ء بروز ہفتہ بعد نماز ظہر منعقد ہوئی جس میں کثیر تعداد میں مرد و خواتین، بچے اور بچیو ں نے شرکت کی۔ پروگرام کی صدارت نارتھ اٹلی کے صدر میاں سرفراز احمد اور شوریٰ کے صدر حاجی ارشد جاوید نے کی، جبکہ مہمان خصوصی علامہ حافظ نذیر احمد نائب امیر منہاج القرآن انٹرنیشنل تھے۔ اس کے علاوہ سید محمد ارشد شاہ صدر یورپین کونسل نے خصوصی شرکت کی۔

پروگرام کی نقابت کے فرائض علامہ وقار احمد نے انجام دیئے۔ قاری فیض احمد نے تلاوت قرآن مجید سے پروگرام کا آغاز کیا۔ اس کے بعد نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوا۔ جن میں صوفی محمد افضل، امانت علی صدیقی، محمد نعیم اور دو بچیوں نے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نعتوں کا نذرانہ پیش کیا، جبکہ خصوصی نعت محمد اعظم چشتی رحمۃ اللہ علیہ کے شاگرد رشید قاری فیض احمد نے حاصل کی۔

بعد ازاں حاجی محمد اشرف ناظم منہاج القرآن انٹرنیشنل دیزیو کی خصوصی کاوش سے منہاج سسٹر لیگ کی بچیوں کے دوران کوئز مقابلہ ہوا۔ بچیوں کے تین گروپس تھے جن سے سوالات پوچھے گئے۔ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد پاک اور سیرت پاک کے حوالے سے کوئز کے لیے 187 سوالات کا نصاب تیار کیا گیا تھا۔ کوئز مقابلے میں اول، دو ئم اور سوئم آنے والی بچیوں کو انعامات سے نو ازا گیا۔ دوسری سب سے خوش آئند بات یہ تھی کہ اس محفل میں 2 ایسے بچوں کو پیش کیا گیا جن کے نام حمزہ اعظم اور شہریار علی ہیں۔ ان میں سے حمزہ اعظم جس کی عمر 12 سال ہے، اس نے آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس پر ایک لاکھ اٹھانوے ہزار درود پا ک کا ہدیہ ماہ جنوری 2010 میں پیش کیا اور شہر یار علی جس کی عمر 17 سال ہے ماہ جنوری میں ایک لاکھ پچاس ہزار درود پاک کا ہدیہ پیش کیا۔ ان دونوں بچوں کو خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔

علامہ حافظ نذیر احمد نائب امیر تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل نے محفل پاک کے شرکاء سے خصوصی خطاب کیا۔ آپکے خطاب کا دورانیہ 90 منٹ تھا۔ آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے آباؤ اجداد کا مکمل تعارف کرواتے ہوئے قرآن و حدیث کی روشنی میں آمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر بڑ ی مدلل، وجد انگیز اور صوفیانہ گفتگو کی۔ خطاب کے بعد آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس پر سلام پیش کیا گیا۔ سلام کے بعد علامہ وقار احمد نے تمام انتظامیہ کی طرف سے احباب کا شکریہ ادا کیا۔ علامہ حافظ نذیر احمد نے خصوصی دعا کرائی۔ تحریک منہاج القرآن اٹلی میلان کی ذیلی تنظیمات میں سے میلان تنظیم، بریشیا، بیرگاموں اور گلراتے کی تنظیمات نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ آخر میں لنگر پیش کیا گیا۔

رپو رٹ: محمد یعقوب، سرمد جاوید (ڈیزیو، اٹلی)
مرتب: میاں محمد اشتیاق (سیکرٹری امورخارجہ)

تبصرہ