منہاج القرآن انٹرنیشنل میلان کے زیراہتمام میلاد مارچ

منہاج القرآن انٹرنیشنل میلان کے زیراہتمام جشن ولادت مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشی میں 7 مارچ بروز اتوار میلان کی سر زمین پر ایک عظیم الشان میلاد مارچ کا اہتمام کیا گیا۔ یہ مارچ میلان کی سرزمین پر یہ اپنی نوعیت کا پہلاپروگرام تھا، جس میں قرب و جوار سے کثیر تعداد میں عاشقان مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شرکت کی۔ مارچ میں مختلف مقامات سے تعلق رکھنے والے احباب نے شرکت کی جن میں بریشیاء، دیزیو، سولارو، بیرگامو وغیرہ سے منہاج القرآن کے قائدین و کارکنان اور دیگر محبان مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شامل تھے۔

اس مارچ کی قیادت سید محمد ارشد شاہ (صدر منہاج القرآن یورپین کونسل) اور علامہ حافظ محمد اقبال اعظم (ڈائریکٹر منہاج ویلفیئرفاؤنڈیشن یورپ) نے فرمائی۔ یہ مارچ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صدائیں بلند کرتے ہوئے میلان سنٹرل اسٹیشن سے لے کر Piazza Repubblica تک ہوا۔ نظم و ضبط کے حوالے سے منہاج القرآن یوتھ لیگ میلان کے ساتھیوں نے اپنے فرائض سرانجام دیے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد ثنا ء خوان مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یکے بعد دیگرے آقا علیہ الصلوٰۃ و السلام کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ دوران مارچ گاہے بگاہے علامہ وقار احمد قادری اور چن نصیب صاحب نقابت کے فرائض سر انجام دیتے رہے۔ یہ مارچ تقریباً دو سے اڑھائی گھنٹے تک جاری رہا۔

مارچ کے اختتام پر سنٹرل اسٹیشن میلان پر علامہ حافظ اقبال اعظم نے نہایت ہی پیارے انداز میں آقا علیہ الصلوٰۃ والسلام کی سیرت پر گفتگو فرمائی۔ آپ نے انسانی حقوق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کائنات میں بچوں، بیٹیوں اور خواتین کے حقوق جو پامال کیے جا رہے تھے، حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت با سعادت کی خوشی میں انسانیت کو عطا ہوئے اور تمام مسلمانوں کو اٹلی میں رہتے ہوئے پیار، محبت، اخوت، بھائی چارے اور امن کو فروغ دینا چاہیئے۔

رپورٹ: محمد یعقوب، سرمد جاوید (ڈیزیو۔ اٹلی)

تبصرہ