4 ستمبر بروز جمعۃ المبارک کو منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے ڈائریکٹر علامہ محمد اقبال اعظم منہاجین نے بارسلونا کے قریبی شہر بادالونا Badalona میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام یتیم بچوں کی کفالت کے عظیم منصوبہ آغوش کے بارے معلومات دیں اور بتایا کہ حدیث نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مطابق یتیم بچے کی کفالت کرنے والا قیامت کے دن آقا دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بالکل قریب ہو گا اتنا قریب جیسے ایک ہاتھ کی دو انگلیاں آپس میں قریب ہوتی ہیں۔انہوں نے عوام الناس سے اپیل کہ وہ 500 یتیم و بے سہارا بچوں کی کفالت کے اس منصوبہ کی تعمیر و تکمیل میں بڑھ چڑھ کر تعاون کریں اور رمضان المبارک کا مہینہ اس مقصد کے لیے سب سے بہتر ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ اس مہینے میں کیے جانے والے نیک کاموں کے بدلہ 70 گنا زیادہ عطا فرماتا ہے۔
امیر تحریک منہاج القرآن بارسلونا علامہ عبد الرشید شریفی نے بھی اپنے گفتگو میں آغوش منصوبہ کے پمفلٹس کی مدد سے حاضرین کو تفصیلات فراہم کیں اور تمام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آغوش کی تکمیل کے لیے اس سال اپنی زکوٰۃ و فطرانہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو دیں۔ منہاج القرآن بادالونا کی طرف سے آغوش پراجیکٹ کی ڈاکومنٹری اور پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔
نماز جمعہ کے بعد علامہ محمد اقبال اعظم نے منہاج القرآن بارسلونا کی نظامت نشر و اشاعت سے اپنی گفتگو میں بتایا کہ آغوش کے سلسلے میں اب تک یورپ میں جتنے بھی پروگرامز منعقد کیے گئے ان تمام میں سے بادالونا سپین کا یہ اجتماع سب سے بڑا اجتماع ہے۔
نوید احمد اندلسی، سیکریٹری جنرل
منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین، بارسلونا
تبصرہ