منہاج انٹرنیشنل بارسلونا کے زیراہتمام محفل میلاد مصطفیٰ (ص)

منہاج انٹرنیشنل بارسلونا کے زیراہتمام محفل میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مورخہ 8 مارچ 2009ء بروز اتوار منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں منعقد ہوئی جس میں اہل بارسلونا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ منہاج یوتھ لیگ سپین کی نعت کونسل نے ہدیہ نعت پیش کیا اور امیر تحریک منہاج القرآن بارسلونا علامہ عبد الرشید شریفی نے خطاب کیا۔ صبح صادق کے وقت محفل درود و سلام بھی انعقاد پذیر ہوئی۔ اس محفل میں صدر منہاج القرآن بارسلونا حاجی مظہر حسین، سیکریٹری جنرل نوید احمد اندلسی، صدر منہاج مصالحتی کونسل محمد اقبال چودھری، صدر یوتھ لیگ محمد عتیق اور سیکریٹری یوتھ احسن جاوید خان سمیت منہاج القرآن بارسلونا کے دیگر عہدیداران و رفقاء نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

محفل شب بیداری کا باقاعدہ آغاز نماز عشاء کے بعد تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت امام مسجد حافظ محمد عابد نقشبندی نے حاصل کی اس کے بعد محفل میں موجود نعت خواں حضرات نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ ان خوش قسمتوں میں محمد جلیل، محسن صدیق، محمد طاہر اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر منہاج یوتھ لیگ سپین کی نعت کونسل نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کرنے کی سعادت حاصل کی جس کو شرکائے محفل نے بہت پسند کیا۔

شب ایک بجے علامہ عبد الرشید شریفی (امیر منہاج القرآن بارسلونا) کو دعوت خطاب دی گئی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں تعلق بالرسالت اور ذکر مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی فضیلت قرآن و حدیث کی روشنی میں بیان کی۔ انہوں نے آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے یوم ولادت منانے پر تفصیل سے گفتگو کی۔ اس کے علاوہ صحابہ کرام اور بزرگان دین کے آقاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق و نسبت کو بھی بیان کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج ہماری سب سے بڑی ضرورت اپنے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق کی پختگی ہے۔ ہماری ہر کامیابی کا راز اسی چیز میں ہے انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور اس کے بانی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اسی تعلق کی بحالی و مضبوطی کے لیے دنیا بھر میں کام کر رہے ہیں۔

خطاب کے بعد باجماعت نماز تسبیح ادا کی گئی۔ جس کے بعد میٹھا میٹھا میرے محمد کا نام، مصطفی جان رحمت پہ لاکھوں سلام اور یا نبی سلام علیک پیش کیا گیا۔ سلام کے بعد اجتماعی دعا کی گئی۔

آخر میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دن کی نسبت سے منہاج القرآن بارسلونا کی طرف سے شرکائے محفل کے لیے سحری کا شاندار انتظام کیا گیا تھا۔

تبصرہ