امریکی ریاست کنیٹیکٹ میں منہاج القرآن کے زیراہتمام سالانہ میلاد کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل امریکہ کے زیراہتمام سالانہ میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس 9 نومبر 2019 ء کو منہاج القرآن النور اسلامک سنٹر کنیٹیکٹ میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت علامہ قاری فضل رسول چشتی، حاجی غلام سرور اور محمد آصف طور نے کی۔

شام 5 بجے پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، جس کی سعادت رافع عدن نے حاصل کی۔ تلاوت کے بعد قرآن لرننگ کلاس کے بچے اور بچیوں نے قصیدہ بردہ شریف اور درود پاک پڑھا۔ محمد داؤد جعفری، محمد سعید، عدیلہ شریف، روحی جعفری، محمد عدن اخلاق، علیشاہ عدن، رجا ہانیہ، محمد یونس سیال، قاری فضل رسول قادری اور ارشد لطیف نے اپنے مخصوص انداز میں تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مدح سرائی کی۔ اس پروگرام میں نقابت کے فرائض علامہ محمد شریف کمالوی (ڈائریکٹر منہاج القرآن النور اسلامک سنٹر کنیٹیکٹ) نے سرانجام دیئے۔

علامہ پیر سید عرفان علی بخاری (ڈائریکٹر الفلاح مسجد ورجینیہ) نے میلاد کانفرنس میں مرکزی خطاب حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان رسالت کے موضوع پر کیا۔ انہوں نے قرآن و حدیث کی روشنی نبی کریم ﷺ کے معجزات اور میلاد کا ذکر کیا۔ انہوں نے خاص طور پر نوجوان نسل کو مخاطب کرکے کہا کہ ہمارے نبی وہ ہیں جن کی تعریفیں تمام انبیاء اور تمام امتوں کے علماء کرتے رہے۔

انہوں نے بحیرہ راہب نے جو کریم آقا ﷺ کی تعریف کی تھی اس کا ذکر کیا اور بتایا کہ اس وقت حضور ﷺ کی عمر مبارک صرف 14 سال تھی جب آپ ﷺ نے شام کا سفر کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عمر بھر حضور تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وسلم سے وارفتہ عشق کرنے کی تعلیمات دی ہیں۔ ذات مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ہی ہمارے ایمان کا مرکز و محور ہونا چاہیے، یہی منہاج القرآن کا پیغام ہے۔

اس موقع پر کانفرنس میں شرکاء کی بڑی تعداد موجود تھی اور پروگرام میں کیک بھی کاٹا گیا۔ پروگرام کی انتظامیہ میں محمد عارف زیری، ارشد لطیف، عدن بھائی ،ڈاکٹر الطاف حسین، ڈاکٹر پرویز، وقار خان، محمد اشرف بھورا اورشاہد صدیق کے علاوہ دیگر افراد نے انتہائی محنت سے پروگرام کو کامیاب منعقد کیا۔ کانفرنس کے اختتام پر درودوسلام پڑھا گیا اور علامہ سید عرفان علی بخاری نے خصوصی طور پر اختتامی دعا فرمائی۔

تبصرہ