امریکہ: منہاج القرآن کے زیراہتمام ریاست کنیٹیکٹ میں تیسرا سالانہ میلاد جلوس

منہاج القرآن انٹرنیشنل امریکا کے زیراہتمام میلاد النبی ﷺ کا تیسرا سالانہ جلوس امریکی ریاست کنیٹیکٹ میں 25 نومبر 2018 کو منعقد ہوا۔ جلوس کی قیادت منہاج القرآن النور اسلامک سینٹر کے ڈائریکٹر علامہ محمد شریف کمالوی اور منہاج القرآن اسلامک سینٹر نیو جرسی کے ڈائریکٹر علامہ اویس منصف قادری نے کی۔

جلوس میں معروف عالم دین اور مذہبی رہنما مولانا قاری فضل رسول قادری، یحیٰ ڈیلوینٹو، نائب صدر منہاج القرآن اسلامک سینٹر کنیٹیکٹ وقار احمد بٹ، جنرل سیکرٹری منہاج القرآن اسلامک سینٹر کنیٹیکٹ محمد عارف زیری اور خلیل احمد گجراتی سمیت عاشقانِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بڑی تعداد نے بھی جلوس میں شرکت کی۔

جلوس کا آغاز ٹاؤن گرین پارک سے ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اربر پارک ایلنگٹن میں اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے دوران شرکاء نے مختلف جھنڈے اور پوسٹر اٹھائے ہوئے تھے جن پر انگلش زبان میں مختلف جملے اور اشعار لکھے ہوئے تھے، جن کا تعلق میلاد مصطفٰی ﷺ سے تھا۔ جلوس کے دوران شرکاء مختلف نعرے لگاتے اور نعت رسول ﷺپڑھتے اور خاص طور پر درودوسلام کا نذرانہ پیش کرتے رہے۔ اختتامی محفل کا آغاز تلاوتِ قرآن سے ہوا جس کی سعادت حسین رضا نے حاصل کی۔ بعد ازاں درود وسلام اور نعتوں کے نذرانے پیش کیے گئے۔

علامہ محمد شریف کمالوی، علامہ اویس منصف قادری، قاری فضل رسول قادری اور برادر یحیٰ نے جلوس کے شرکاء سے خطابات کیے۔ تمام اسکالرز نے اپنے خطابات میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد اور سیرت پر سیر حاصل گفتگو کی۔ اس موقع پر منہاج القرآن النور اسلامک سینٹر کی طرف سے پولیس آفیسرز اور تمام انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا گیا۔ جلوس کے شرکاء نے منہاج القرآن النور اسلامک سنٹر میں نماز ظہر ادا کی اور سنٹر میں ہی انہیں ضیافتِ میلاد پیش کی گئی۔

تبصرہ