صومالیہ : منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام اجتماعی قربانی 2012ء

عید الاضحی سال 2012ء کے موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام پاکستان کے ساتھ ساتھ براعظم افریقہ کے مشرقی ملک صومالیہ کے مختلف شہروں میں اجتماعی قربانیاں کی گئیں، جن میں دارالحکومت موغادیشو کے علاوہ Baidoa ،Bakool Lower Shabelle اور Hiran شامل ہیں، جہاں ہزاروں افراد بھوک اور قحط سالی کی وجہ سے مختلف عالمی اداروں کی طرف سے قائم کئے گئے امدادی کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ اجتماعی قربانی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر یورپ حافظ محمد اقبال اعظم (منہاجین) اور پروجیکٹ مینیجر عدنان سہیل کی زیر نگرانی تکمیل پذیر ہوئی، جو کہ یورپ سے خصوصی طور پر صومالیہ گئے۔

موغا دیشو سے علامہ حافظ محمد اقبال اعظم منہاجین نے سیکریٹری جنرل MCB یورپ نوید احمد اندلسی سے ٹیلیفونک گفتگو میں بتایا کہ اجتماعی قربانی کا گوشت صومالیہ کے مختلف شہروں کے ساتھ ساتھ ایتھوپیا اور کینیا کے سرحدی علاقوں میں رہنے والے ہزاروں غرباء و مساکین میں بھی تقسیم کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ قربانی کے گوشت کی تقسیم سے مذکورہ علاقوں کے ہزاروں خواتین اور بچے مستفید ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ قربانی کے گوشت کی تقسیم کے دوران غرباء کی بہت بڑی تعداد کے باوجود منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی ٹیم نے انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ قطاریں بنوا کر گوشت تقسیم کیا، تاکہ ہر ایک کو اُس کا حصہ مل سکے۔ اس موقع پر مقامی رضاء کاروں نے بھی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی ٹیم کے افراد کی معاونت کی۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے پروجیکٹ مینیجر عدنان سہیل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ صومالیہ جیسے غیر محفوظ ملک میں اجتماعی قربانی اور قربانی کے گوشت کی مستحقین میں تقسیم سے ان کی ٹیم کے تمام افراد کو دلی اطمینان، سکون اور خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ انہوں نے اجتماعی قربانی میں حصہ لینے والے تمام افراد کا شکریہ بھی اداء کیا۔ منہاج ویلفیئر فاؤندیشن کی ٹیم نے عید کے دن ایک یتیم خانے کا دورہ بھی کیا، جہاں سیکڑوں بچوں کی کفالت کی جا رہی ہے، ٹیم کے افراد نے وہاں ایک اونٹ قربان کیا اور وہاں موجود بچوں کے ساتھ کھانا کھایا اور عید کا سارا دن بھی ان کے ساتھ گزارا۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یو کے آفس ایڈمنسٹریٹر اجمل خان نے نوید احمد اندلسی سے ٹیلیفونک گفتگو میں بتایا کہ سال 2013 میں MWF کے تحت قحط زدہ مشرقی افریقی ممالک میں قربانیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے براعظم یورپ اور شمالی امریکہ میں رہنے والے اپنے تمام معاونین کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جن کے بے مثال تعاون سے اجتماعی قربانی کی مہم کامیاب ہوئی۔

رپورٹ : نوید احمد اندلسی
سیکریٹری جنرل MCB یورپ

تبصرہ