
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کے اعزاز میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں ماسکو میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے ڈائریکٹر انٹر فیتھ ریلیشنز، مسٹر سہیل احمد رضا بھی ان کے ہمراہ تھے۔
عشائیے کی تقریب میں آمد پر پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنے وطن کی نمائندگی کرتے ہیں، اس لیے باہمی اتحاد، اخوت، احترام اور ایک دوسرے کا تعاون کمیونٹی کی مضبوطی کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ امن، سلامتی، رواداری اور باہمی احترام کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
تقریب میں سوال و جواب کی خصوصی نشست بھی منعقد ہوئی، جس میں شرکاء نے مختلف موضوعات پر سوالات کیے اور پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ان کے جوابات دیے۔ اس دوران پاکستان اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے باہمی تعلقات، کمیونٹی کے مسائل اور دیگر امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ کا پیغامِ امن و سلامتی، انسانیت کی خدمت، باہمی رواداری اور محبت پر مبنی ہے، جسے معاشرے میں عام کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ محبت، اخوت، برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرے۔ پاکستانی کمیونٹی کے ارکان نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی عالمی سطح پر خدمات کو سراہتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ کی علمی، دینی، فلاحی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کیا۔
دریں اثناء پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی زیرِصدارت روس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کا باقاعدہ پہلا تنظیمی نیٹ ورک بھی قائم کیا گیا، جو روس میں منہاج القرآن کی دعوتی، علمی و فکری اور فلاحی سرگرمیوں کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے مصطفوی مشن کے ذمہ داران و وابستگان کو تنظیمی نیٹ ورک کے قیام پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اخلاص، اتحاد اور باہمی تعاون کے ساتھ منہاج القرآن کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے روس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی مزید ترقی، استحکام اور مشن کی کامیابی کے لیے دعا بھی کی۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور باہمی روابط و تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔







تبصرہ