محبتِ مصطفیٰ ﷺ اور ادبِ مصطفیٰ ﷺ ایمان کی روح ہے، علامہ محمد عدیل کا خصوصی خطاب

ڈبلن آئرلینڈ: منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیرِاہتمام منہاج القرآن آئرلینڈ کے نائب صدر رضوان احمد طور کی رہائش گاہ ڈبلن میں محفلِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ کا انعقاد کیا گیا۔ محفل میں عاشقانِ رسول ﷺ، منہاج القرآن کے رفقاء و وابستگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا، جس کی سعادت حافظ تنویر حسین اور اروش احمد نے حاصل کی۔ تلاوتِ قرآن پاک کے بعد ثنا خوانانِ مصطفیٰ ﷺ اسد علی، عبداللہ مبشر اور نوید بٹ نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتیہ نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ محفل کی نظامت کے فرائض محی الدین نے انجام دیے۔
اس موقع پر علامہ محمد عدیل نے ’’محبتِ مصطفیٰ ﷺ اور ادبِ مصطفیٰ ﷺ‘‘ کے موضوع پر خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے علمی، فکری اور روحانی خطاب میں محبتِ رسول ﷺ کی اہمیت، ادبِ بارگاہِ رسالت ﷺ کے تقاضوں اور سیرتِ طیبہ کی روشنی میں ایک مسلمان کی عملی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ محبتِ مصطفیٰ ﷺ محض زبانی دعویٰ نہیں بلکہ آپ ﷺ کی سیرت، تعلیمات اور اسوۂ حسنہ سے عملی وابستگی کا نام ہے۔ محفل کے اختتام پر آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی بارگاہِ اقدس میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا۔ بعد ازاں پیر شیراز حسین قادری نے عالمِ اسلام کی سلامتی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔














تبصرہ