منہاج القرآن ویمن لیگ جرمنی کے زیراہتمام محفل میلاد النبی ﷺ کا انعقاد

Minhaj Women League Mahfil e Milad

منہاج القرآن ویمن لیگ جرمنی کے زیراہتمام 3 اکتوبر 2022 کو میونسٹر میں محفل میلاد النبی ﷺ کا انعقاد ہوا جس میں محترمہ خدیجہ نواز نے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا رسول الله ﷺ کی سیرتِ طیبہ صرف عالمِ اِسلام کے لیے نہیں بلکہ پورے عالمِ اِنسانیت کے لیے عظیم نمونۂ حیات ہے۔ رسول الله ﷺ خُلقِ عظيم كے اعلیٰ مرتبے پر فائز ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے حسنِ خُلق کی تمام صفات آپ ﷺ کی جبلّت اور طبیعت میں پیدائشی طور پر ودیعت فرما دی تھیں۔ رسول الله ﷺ كى صفتِ رحمت سارى كائنات پر محیط اور غیر محدود طور پر وسیع ہے، جس سے مخلوق كا ہر طبقہ فیض یاب ہوتا رہا ہے اور قيامت تک ہوتا رہے گا؛ بلكہ اختتامِ قيامت تک تمام اُمتیں بھى اِس چشمۂ رحمت سے اپنی تشنگی مٹاتی رہیں گی۔

محفل میں صدر منہاج القرآن ویمن لیگ جرمنی محترمہ عظمی طارق نے حاضرین محفل کو مشن کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کا مقصد اللہ، رسول ﷺ اور قرآن سے جوڑنا ہے وہ تعلق جو کسی حد تک آقا علیہ الصلٰوۃ والسلام کے ساتھ کمزور ہو رہا تھا اس تعلق کو مضبوط کرنا۔ انہوں نے کہا یاد مصطفیٰ ﷺ میں آنکھوں کا چھلکنا اس ادارے نے سکھایا ہے۔

محفل کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت محترمہ یاسمین شہزاد نے حاصل کی اور انہوں نے آقا دوجہاں ﷺ کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت بھی پیش کیے۔ محفل کا اختتام حضور نبی اکرم ﷺ کی بارگاہ میں ہدیۂ درود و سلام پر ہوا۔

رپورٹ ملکہ صبا (ناظمہ سوشل میڈیا، جرمنی)

Minhaj Women League Mahfil e Milad

تبصرہ